ضرب عضب سے وہ امن دوبارہ نصیب ہوا جو دہشت گردوں نے چھین لیا تھا وزیراعظم

دہشت گرد جلد تاریخ کے کوڑے دان کا حصہ ہوں گے، وزیراعظم کا ضرب عضب کے 2 سال مکمل ہونے پر قوم کے نام پیغام


ویب ڈیسک June 14, 2016
دہشت گرد جلد تاریخ کے کوڑے دان کا حصہ ہوں گے، وزیراعظم کا ضرب عضب کے 2 سال مکمل ہونے پر قوم کے نام پیغام، فوٹو؛ فائل

KARACHI: وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں اور ملک دشمنوں نے ہمارا امن چھین لیا تھا لیکن ضرب عضب کے نتیجے میں قوم کو دوبارہ امن نصیب ہوا جب کہ دہشت گرد جلد تاریخ کے کوڑے دان کا حصہ ہوں گے۔

آپریشن ضربِ عضب کے 2 سال مکمل ہونے پر وزیراعظم نواز شریف نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے 2 سال عزم، ہمت اور استقلال کی داستان ہیں، آپریشن میں فوج اور سلامتی کے دیگراداروں نے بھرپور طریقے سے کردار ادا کیا اور اس میں خون کا نذرانہ دینے والے جوان سرفہرست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب نے قوم کو دہشت گردی سے نجات دلائی اور اللہ کا شکر ہے کہ دہشت گردوں کا زورٹوٹ چکا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں دہشت گردی کے ساتھ ساتھ غربت، بے روزگاری، عدم استحکام کے خلاف بھی لڑنا ہے اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانا ہے، دہشت گردوں اور ملک دشمنوں نے ہمارا امن چھین لیا تھا لیکن ضرب عضب کے نتیجے میں قوم کو دوبارہ امن نصیب ہوا ہے، انشااللہ دہشت گرد جلد ہی تاریخ کے کوڑے دان کا حصہ بن جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کی لازوال داستان نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے جب کہ پاکستانی قوم خارجی اور داخلی دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے اور پاک سرزمین کے دفاع کے لیے ہم سب ایک ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں