اورلینڈوحملہ آورکی اہلیہ نے نائٹ کلب پر حملے سے متعلق معلومات کا اعتراف کرلیا

عمرمتین نے ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب پرحملے کی ریکی کررکھی تھی اوراس کیلئے وہ انہیں بھی وہاں ساتھ لے کرگیا،اہلیہ


ویب ڈیسک June 15, 2016
عمرمتین نے ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب پرحملے کی ریکی کررکھی تھی اوراس کیلئے وہ انہیں بھی وہاں ساتھ لے کرگیا،اہلیہ.فوٹو:فائل

KARACHI: اورلینڈو کے ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب پر حملہ کرنے والے افغان نژاد امریکی شہری عمر متین کی اہلیہ کو حملے سے متعلق پہلے سے علم تھا جس کے بعد ان پر فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایف بی آئی نے اورلینڈو حملے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ملزم عمر متین کی دوسری بیوی نور زہی سلمان کو شامل تفتیش کرلیا جس نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ انہیں اورلینڈو حملے کا علم تھا اور جب عمر متین نے حملے سے چند روز قبل گنیں خریدیں تو وہ بھی اس کے ساتھ تھیں۔ ملزم کی اہلیہ نے مزید بتایا کہ عمر متین نے اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب پرحملے کی ریکی کر رکھی تھی اور اس کے لئے وہ انہیں چند روز قبل وہاں ساتھ لے کر گیا تاہم انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ عمر متین یہاں حملہ کرنے والا ہے۔

نورزہی سلمان نے مزید انکشاف کیا کہ اورلینڈو حملے سے قبل عمر متین نے ڈزنی ورلڈ پر حملہ کرنے کا پلان بنایا تھا جس کے لئے وہ اپریل میں وہاں گیا جب کہ نور زہی کے انکشاف کے بعد ڈزنی ورلڈ انتظامیہ نے کیلیفورنیا اور فلوریڈا میں موجود اپنے دونوں پارکوں کی سیکیورٹی مزید سخت کردی۔

امریکی سینیٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے ممبر سینیٹر انگس کنگ کا کہنا ہے کہ نور زہی سلمان اورلینڈو حملے سے متعلق معلومات رکھتی تھیں جس کے باوجود انہوں نے پولیس کو آگاہ نہیں کیا جس کی وجہ سے وہ حملے کی معاون کار ہیں جب کہ وہ حملے سے متعلق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بتا سکتی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں