حلب شہر پر شامی فضائیہ کی بمباری خواتین اور بچوں سمیت 34 افراد ہلاک

حلب میں منگل کے روز جھڑپوں میں 70 باغی مارے گئے تھے، غیر ملکی میڈیا رپورٹس


ویب ڈیسک June 15, 2016
حلب میں منگل کے روز جھڑپوں میں 70 باغی مارے گئے تھے، غیر ملکی میڈیا رپورٹس، فوٹو؛ فائل

شام کے شہر حلب کے مختلف علاقوں میں سرکاری فضائیہ کی بمباری میں عام شہریوں اور بچوں سمیت 34 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شام کی سرکاری فضائیہ کی جانب سے حلب کے مختلف علاقوں میں حملے کیے گئے جن میں باغیوں پر بیرل بم گرائے اور گولہ باری کی گئی اور اس کے نتیجے میں عام شہریوں، خواتین اور 2 بچوں سمیت مجموعی طور پر 34 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق فضائیہ نے سالہن، فردوس، جسر الحق ،صلاح الدین، سکورے، ملاح اور کوسٹیلو کے علاقوں میں بمباری کی۔ اس کے علاوہ بھی منگل اور بدھ کی درمیانی شب فضائیہ نے مختلف علاقوں میں بمباری جاری رکھی۔

دوسری جانب حلب اور نواح میں باغیوں اور سرکاری افواج کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے جب کہ منگل کے روز جھڑپوں میں 70 باغی مارے گئے اور سرکاری افواج نے زیتان پر قبضہ جمالیا تاہم خلاصاہ پر قبضے کے لیے باغیوں سے جنگ جاری ہے۔



واضح رہے کہ مارچ 2011 میں شام میں پرامن احتجاج کے بعد خانہ جنگی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جہاں اب تک لاکھوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور کئی لاکھ افراد نقل مکانی کرچکے ہیں جب کہ 2012 سے حلب میں شامی سرکاری افواج، باغی جنگجو اور کردوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے اور داعش کے جنگجو بھی اس علاقے میں سرگرم ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں