خاتون سے بدتمیزی سینیٹرحافظ حمداللہ کی عبوری ضمانت منظور

عدالت نے کوہسار پولیس کو آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔


ویب ڈیسک June 16, 2016
عدالت نے کوہسار پولیس کو آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ فوٹو: فائل

سماجی کارکن ماروی سرمد کو دھمکیاں دینے کے مقدمے میں عدالت نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینیٹر حافظ حمد اللہ کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 30 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج راجہ آصف نے جمعیت علما اسلام (ف) کے سینیٹر حافظ حمداللہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ تھانہ کوہسار پولیس نے دفعہ 506 اور 394 کے تحت ان کے خلاف ماروی سرمد کی درخواست پر جھوٹا مقدمہ درج کیا اس لئے مقدمے میں عبوری ضمانت منظور کی جائے۔

عدالت نے درخواست گزار کی 23 جون تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 30 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ دوسری جانب عدالت نے کوہسار پولیس کو آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔

واضح رہے کہ 10 جون کو نجی ٹی وی چینل کے ایک ٹاک شو میں غیرت کے نام پر خواتین کے قتل کے موضوع پر بحث کے دوران سینیٹر حافظ حمد اللہ اور ماروی سرمد کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی تھی جس کے خلاف ماروی سرمد نے دھمکی دینے اور خاتون کے ساتھ بدتمیزی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کرایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔