پاکستانی کرکٹرز دورہ انگلینڈ میں ایدھی فاؤنڈیشن کے لوگو والی کٹ پہن کر میچز کھیلیں گے

پاکستان کرکٹ ٹیم کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ کھلاڑی انٹرنیشنل میچز میں کسی فلاحی تنظیم کے لوگو والی کٹ پہنیں گے

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 ٹیسٹ میچ ،5 ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا،فوٹو:فائل

پاکستانی کرکٹرز دورہ انگلینڈ کے دوران ایدھی فاؤنڈیشن کے لوگو والی کٹ پہن کر میچز کھیلیں گے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دورہ انگلینڈ کے دوران پاکستان کی معروف سماجی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کے لوگو والی کٹ پہننے کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑی انگلینڈ میں ایدھی فاؤنڈیشن کے لوگو والی کٹ پہن کر میچز میں شرکت کریں گے۔دورہ انگلینڈ کی روانگی سے قبل ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق،ون ڈے کے کپتان اظہرعلی اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد ایک تقریب میں شرکت کریں گے جہاں ایدھی فاؤنڈیشن کے لوگو کے حوالے سے ہونے والے معاہدے کی توثیق کریں گے۔


خیال رہے کہ یہ قومی کرکٹ ٹیم کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ کھلاڑی انٹرنیشنل میچز میں کسی فلاحی تنظیم کے لوگو والی کٹ پہنیں گے،قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کا آغاز اگلے ماہ سے ہورہا ہے جہاں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 ٹیسٹ میچ ،5 ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا اور پہلا ٹیسٹ لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں 14 جولائی سے شروع ہوگا۔
Load Next Story