قومی کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ کے لیے لندن پہنچ گئی

کپتان مصباح الحق کی قیادت میں 17 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ لندن پہنچی جب کہ محمد عامر بھی ٹیم کے ہمراہ ہیں۔


ویب ڈیسک June 18, 2016
قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 4 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔ فوٹو: ٹویٹر

قومی ٹیم دورہ انگلینڈ کے لئے لندن پہنچ گئی ہے جہاں گرین شرٹس 4 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

قومی ٹیم ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کی قیادت میں لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے لندن کے لئے روانہ ہوئی تھی جو اب لندن پہنچ گئی ہے۔ 17 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ میں کپتان مصباح الحق کے علاوہ محمد حفیظ، شان مسعود، سمیع اسلم، اظہر علی، یونس خان، اسد شفیق، افتخار احمد، محمد عامر، راحت علی، عمران خان سینئر، سہیل خان، وہاب ریاض، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر، سرفراز احمد اور محمد رضوان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاوراور منیجر انتخاب عالم کے علاوہ دیگر کوچنگ اسٹاف بھی ٹیم کے ہمراہ ہے۔

واضح رہے کہ 2010 میں ہونے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد یہ پاکستان کا پہلا دورہ انگلینڈ ہے، پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 14جولائی کو لارڈز، دوسرا میچ 22 جولائی سے مانچسٹر، تیسرا 3 اگست کو ایجبسٹن جب کہ چوتھا ٹیسٹ 11 اگست سے اوول میں شروع ہوگا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 24 اگست کو ساؤتھمپٹن، دوسرا 27 اگست کو لارڈز، تیسرا 30 اگست کو ناٹنگھم، چوتھا یکم ستمبر کو ہیڈنگلے اور پانچواں 4ستمبر کو کارڈف میں ہوگا۔ سیریز کا واحد ٹی ٹونٹی میچز 7 ستمبر کو مانچسٹر میں شیڈول ہے۔ قبل ازیں ہیمپشائر میں کنڈیشننگ کیمپ کا اہتمام کیا گیا ہے جس کے بعد 2 پریکٹس میچز کھیلے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں