میچ فکسنگ کرنے والوں پر تاحیات پابندی لگنی چاہیے محمد عامر

دورہ انگلینڈ کے دوران شائقین کو نیا عامر نظر آئے گا جب کہ میرا مقصد پاکستان کو فتح دلانا ہے، محمد عامر


ویب ڈیسک June 18, 2016
دورہ انگلینڈ کے دوران شائقین کو نیا عامر نظر آئے گا جب کہ میرا مقصد پاکستان کو فتح دلانا ہے، محمد عامر : فوٹو : : فائل

قومی کرکٹر محمد عامر کا کہنا ہے کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز وہیں سے کررہے ہیں جہاں سے یہ سلسلہ ٹوٹا تھا جب کہ فکسنگ کرنے والوں پر تاحیات پابندی ہونی چاہیے۔

غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا تھا کہ وہ اسپاٹ فکسنگ کیس کےبعد ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت پر بہت خوش ہیں کیونکہ انہوں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ اسپاٹ فکسنگ کیس کے بعد ایک بار پھر ٹیم میں شامل ہوپائیں گے۔ انہوں نے انگلش کپتان ایلسٹر کک کے میچ فکسرز پر تاحیات پابندی سے متعلق بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں کرپشن کی موجودگی کھلاڑی کے وقار کے لیے خطرناک ہوگی اس لئے ایسے کھلاڑی کو تاحیات پابندی کی سزا ہونی چاہیے جب کہ اگر ہمارے کیس سے کسی نے کوئی سبق حاصل نہیں کیا تو یہ اس کی بیوقوفی ہی ہوگی۔

محمد عامر نے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ہورہی ہے جب کہ اسے اتفاق ہی کہہ سکتے ہیں کہ لارڈز کے اسی میدان سے دوبارہ اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز کریں گے جہاں سے ان پر کرکٹ کے دروازے بند ہوئے تھے۔ فاسٹ بولر نے کہا کہ ماضی کی تمام تلخ یادیں بھلا کر مستقبل پر دھیان دیں گے جب کہ وہ انگلینڈ سے نئی یادوں کے ساتھ واپس آنا چاہتے ہیں، ان کا مقصد سیریز کا بہترین بولر بننا اور پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کرانا ہے۔ دورہ انگلینڈ میں شائقین کرکٹ کو ایک نیا عامر نظر آئے گا۔

واضح رہے کہ 5 سال قبل انگلینڈ میں ہی محمد عامر کو میچ فکسنگ کی وجہ سے جیل بھیجا گیا تھا اور ان پر 5 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی لیکن اب وہ انگلیںڈ سے ہی اپنے ٹیسٹ کیریئر کا دوبارہ آغاز کریں گے، قومی ٹیم ڈھائی ماہ کے طویل دورے پر آج انگلینڈ روانہ ہوئی ہے جہاں انگلینڈ کے خلاف 4 ٹیسٹ ، 5 ون ڈے اور 1 ٹی ٹوینٹی میچ کھیلے گی جبکہ 4 ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 14 جولائی کو لارڈز میں ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں