دال مہنگی ہے تو مرغی کھائیں اسحاق ڈار کا قوم کو مشورہ

میرا ایک روپیہ بیرون ملک ثابت ہوجائے تو سیاست چھوڑ دوں گا،اسحاق ڈار کا شیخ رشید کو چیلنج


ویب ڈیسک June 18, 2016
شیخ رشید جلد شادی کرلیں تاکہ انہیں بچوں کی ضروریات کے بارے میں علم ہوسکے، وزیرخزانہ : فوٹو : فائل

MARDAN: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ کچھ اراکین اسمبلی کہتے ہیں کہ دال مہنگی کردی گئی ہے اگر دال مہنگی ہے تو مرغی کا گوشت کھائیں وہ سستا کردیا گیا ہے۔



قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے لئے پیش کئے گئے بجٹ میں شامل لازمی اخراجات کی منظوری کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت مالیاتی خسارے میں کمی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، ہم نے 3 سال میں ترقیاتی بجٹ میں 2 گنا اضافہ کردیا ہے جب کہ مالیاتی خسارہ نصف رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 34 میں سے 32 اداروں کے خفیہ فنڈ ختم کردیئے، اب انٹیلی جنس اداروں کے سوا کسی کے پاس سیکرٹ فنڈ نہیں۔



وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبے خسارے میں جاسکتے ہیں، رواں مالی سال میں 3 صوبوں نے خسارے کے بجٹ پیش کیے ہیں اور یہ غیر قانونی نہیں ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ کشکول کی دیگ موجودہ حکومت نے نہیں بنائی، 2000 سے 2013 تک لیے گئے قرضوں کے حوالے سے پرویز مشرف، (ق) لیگ اور پیپلز پارٹی سے بھی پوچھا جائے کیونکہ جو بھی قرضے لیے جاتے ہیں اس میں پارلیمنٹ کی منظوری شامل ہوتی ہے۔



اسحاق ڈار نے کہا کہ کچھ اراکین اسمبلی کہتے ہیں کہ دال مہنگی کردی گئی ہے اگر دال مہنگی ہے تو مرغی کھائیں، ہم نے مرغی 200 روپے فی کلوکردی ہے انہوں نے کہا کہ لوگ صرف خبروں میں آنے کے لیے غیر ضروری باتیں کرتے ہیں، شیخ رشید جلد شادی کرلیں تاکہ انہیں بچوں کی ضروریات کے بارے میں علم ہوسکے۔



وزیر خزانہ نے شیخ رشید کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر بیرون ملک ایک روپیہ بھی ثابت ہوجائے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ پاک افغان معاملات پر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ افغانستان سے معاملات پر حکومت باخبر ہے، طورخم بارڈر پر اب تک جو بھی ہوا ہے وہ اچھا شگون نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب پر اب تک 145 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں جب کہ 100 ارب مزید رکھے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں