عراقی وزیراعظم کا داعش کے گڑھ فلوجہ میں فتح کا اعلان

سیکیورٹی فورسزنے فلوجہ کی اہم سرکاری عمارتوں سے داعش کا قبضہ ختم کرا کےعراق کا پرچم لہرا دیا ہے، وزیراعظم حیدر العبادی


ویب ڈیسک June 18, 2016
داعش نے 2014 میں عراق کے شہر فلوجہ پر قبضہ کیا تھا۔ فوٹو: ٹویٹر

KARACHI: عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے 4 ہفتوں کی شدید جھڑپوں کے بعد داعش کے گڑھ فلوجہ میں شدت پسند تنظیم کے خلاف فتح کا اعلان کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی کا سرکاری ٹی وی پر اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے فلوجہ کے مرکزی حصے پر اپنا قبضہ مضبوط کر لیا ہے اور بہت جلد شہر کے چند دیگر علاقوں سے بھی داعش کا قبضہ چھڑا لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز فلوجہ کی اہم سرکاری عمارتوں سے داعش کا قبضہ ختم کرا کے عراق کا پرچم لہرا یا۔

دوسری جانب امریکی اتحادی افواج کا کہنا ہے کہ عراقی فوج کو فلوجہ پر مکمل کنٹرول حاصل نہیں ہوا، شہر کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے لئے عراقی فورسز کو مزید جنگ لڑنا ہو گی۔

واضح رہے کہ داعش نے 2014 میں عراق کے شہر فلوجہ پر قبضہ کیا تھا اور اسے اسلامک اسٹیٹ کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔ عراقی فوج نے گزشتہ ماہ فلوجہ کا کنٹرول واپس حاصل کرنے کے لئے داعش کے خلاف بڑے آپریشن کا آغاز کیا تھا جب کہ عالمی تنظیموں کے مطابق فلوجہ آپریشن کے باعث 53 ہزارافراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں