کراچی میں پانی کے جھگڑے پر بھائی نے بھائی اور بھتیجے کو قتل کردیا

ناظم آباد میں پانی کے جھگڑے پر بھائی نے فائرنگ کردی جس سے باپ بیٹے جاں بحق اور 2 سگے بھائی بھی شدید زخمی ہوئے۔


ویب ڈیسک June 18, 2016
ناظم آباد میں پانی کے جھگڑے پر بھائی نے فائرنگ کردی جس سے باپ بیٹے جاں بحق اور 2 سگے بھائی بھی شدید زخمی ہوئے۔ فوٹو؛ فائل

ناظم آباد 2 نمبر میں پانی کے معاملے پر جھگڑے میں بھائی نے بھائی پر گولی چلادی جس کے نتیجے میں باپ بیٹا جاں بحق اور 2 سگے بھائیوں سمیت 3 افراد شدید زخمی ہوگئے جب کہ زخمی و جاں بحق ہونے والے 2 لڑکے ملزم کے بھتیجے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد 2 نمبر میں بڑا میدان کے قریب چچا اور بھتیجے کے درمیان پانی کی موٹر چلانے کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے معاملہ شدت اختیار کرگیا جس کے نتیجے میں بھائی نے اپنے دوسرے بھائی اور اس کے بچوں پر فائرنگ کردی جس میں باپ بیٹے جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے جن میں 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں، زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

نمائندہ ایکسپریس نے بتایا کہ واقعہ پاپوش تھانے کے برابر میں بڑا میدان کے علاقے میں پیش آیا جب کہ مرنے والے اور ملزم دونوں پانی کا کام کرتے ہیں اور جھگڑا بھی اس معاملے ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں بھائی واٹر ہائیڈرینٹ چلاتے تھے جن میں سے ایک بھائی اسے بیچ کر بلڈنگ بنانا چاہتا تھا جس پر جھگڑا شدت اختیار کرگیا۔

پولیس کے مطابق دونوں بھائیوں میں جائیداد کا جھگڑا تھا جب کہ واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں میں باپ عبداللہ اور بیٹا عبدالوہاب شامل ہیں اور فائرنگ سے اس کے 2 بیٹے آصف خان اور سعید خان بھی زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں قتل کا ملزم بھی شدید زخمی ہوا ہے جو مقتول عبداللہ کا بھائی ہے۔

پولیس نے واقعہ کی تفتیش کا آغاز کردیا ہے اور جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے خول اکٹھے کرلیے ہیں جبکہ مقتول عبداللہ کے بھائی سمیت 3 افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں