پہلا ٹی 20 زمبابوے نے بھارت کے اوسان خطا کردیے

2 رنز سے فتح، مہندرا دھونی اختتامی گیند پر فتح کیلیے درکار چوکا لگانے میں ناکام


AFP/Sports Desk June 19, 2016
2 رنز سے فتح، مہندرا دھونی اختتامی گیند پر فتح کیلیے درکار چوکا لگانے میں ناکام۔ فوٹو: اے ایف پی

پہلے ٹوئنٹی20 میں زمبابوے نے بھارت کے اوسان خطا کر دیے، سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے فتح نصیب ہوئی،مہمان ٹیم آخری اوور میں 8رنز بھی نہ بنا سکی، سنگلز کو ترجیح دینے والے دھونی اختتامی گیند پر فتح کیلیے درکار چوکا لگانے میں ناکام رہے۔

تفصیلات کے مطابق ون ڈے سیریز میں یکسر ناکام رہنے والی زمبابوین ٹیم پہلے ٹی ٹوئنٹی میں مختلف روپ میں دکھائی دی، بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، زمبابوے نے 6 وکٹ پر 170 کا مجموعہ ترتیب دیا، ایلٹن چگمبرا نے54 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، میلکولم ویلر30، ہیملٹن مساکیڈزا25 جبکہ پاکستانی نژاد سکندر رضا اور اوپنر چھاموچھیبابا نے یکساں طور پر 20،20رنز بنائے، جسپریت بمرا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بھارتی ٹیم جوابی اننگز میں 6وکٹ پر 168رنز ہی بنا پائی، منیش پانڈے 48رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر ثابت ہوئے،مندیپ سنگھ 31رنز بناکر میدان بدر ہوئے، تورائی موزاربانی اور چھامو چھیبابا نے 2،2 وکٹیں لیں، ٹیم کو اختتامی 6 گیندوں پر فتح کیلیے محض 8 رنز درکار تھے، میڈیم پیسر نیویل میڈزیوا نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے اس کا دفاع کرلیا، بھارتی ٹیم 5 رنز بناسکی، پہلی گیند پر مہندرا سنگھ دھونی نے سنگل بناکر اسٹرائیکر اکشر پیٹل کو سونپی جو اگلی گیند پر کیچ ہوگئے۔

اس دوران اینڈ تبدیل کرپانے والے مہندرا سنگھ دھونی نے تیسری گیند کا سامنا کرتے ہوئے پھر سنگل لیا، نئے بیٹسمین رشی دھون چوتھی گیند پر کوئی رن نہیں بنا سکے، اس کے بعد بھارت کو وائیڈ کا ایک رن ملا، پانچویں گیند پر شیکھر دھون نے تھرڈ مین پر شاٹ کھیل کر سنگل حاصل کیا، اختتامی گیند پر مہندرا سنگھ دھونی کو چوکا لگاکر ہیرو بننے کا موقع ملا لیکن وہ محض ایک رن بناسکے۔ سیریز کا دوسرا اور اختتامی ٹی 20 اسی مقام پر پیر کو ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں