’’اسپورٹس دہشت گرد‘‘ یوروفٹبال کیلیے بڑا خطرہ بن گئے

دوران میچ کروشیااورترکی کے شائقین کی ہنگامہ آرائی،یوئیفا نے تحقیقات کا اعلان کردیا


Sports Desk June 19, 2016
دوران میچ کروشیااورترکی کے شائقین کی ہنگامہ آرائی،یوئیفا نے تحقیقات کا اعلان کردیا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: 'اسپورٹس دہشت گرد' یورو فٹبال کیلیے بڑا خطرہ بن گئے، ایونٹ سے قبل سیکیورٹی کیلیے پریشان فرنچ حکام کے لیے غیرملکی شائقین کو سنبھالنا مشکل ہوگیا۔

انگلینڈ اورروس کے میچ کا معاملہ ابھی پوری طرح ٹھنڈا بھی نہیں ہوپایا تھاکہ کروشیا کے شائقین نے جمہوریہ چیک سے میچ میں ہنگامہ آرائی کرکے اپنی ٹیم کو نقصان پہنچادیا، پھراسپین اور ترکی کے مقابلے میں بھی شائقین کی ہنگامہ آرائی منتظمین کیلیے درد سر بنی رہی، کروشیا کے شائقین نے جمہوریہ چیک سے میچ کے دوران میں پٹاخے جلاکر میدان میں پھینک دیے، اس سے میچ میں 8 منٹ کا تعطل بھی آیا،پھر فائنل وسل کے بعد ریفری نے دونوں ٹیموں کو 10 منٹ کا انجری ٹائم دیا، اس کے تیسرے منٹ میں جمہوریہ چیک نے گول داغ کر مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا تھا۔

کروشین شائقین کی ہنگامہ آرائی کو فٹبال ماہرین نے 'اسپورٹس دہشت گردی ' قرار دیا ہے، یوئیفا نے اس معاملے میں انکوائری کرانے کا بھی اعلان کیا ہے، کروشین صدر کولینڈا گریبر کیٹراوک نے پُرتشدد شائقین کی مذمت کرتے ہوئے انھیں ' ملک کا دشمن ' گردانا، کروشیا ، جمہوریہ چیک میچ کے دوران شائقین نے نہ صرف گراؤنڈ میں جلے ہوئے پٹاخے پھینکے بلکہ آپس میں گتھم گتھا بھی ہوئے، جس کی تصاویر عالمی میڈیا میں نمایاں ہوئیں،اسی طرح جمعے کی شب منعقدہ تیسرے میچ میں اسپین کیخلاف ترکی کے پرستاروں نے بھی میدان میں پٹاخے پھینکے۔

ہفتے کو یوئیفا ترجمان نے کہا کہ کروشیا اور جمہوریہ چیک میچ میں ہونے والی ہنگامہ آرائی پر باضابطہ انکوائری کی جائے گی، کروشیا واضح طور پر قصوروار دکھائی دے رہا ہے،اس کے شائقین کا پرانا ریکارڈ بھی کچھ اچھا نہیں ہے، انھوں نے گذشتہ برس اٹلی کیخلاف یورو کوالیفائر میں بھی متنازع نازی نشان گراؤنڈ کے وسط میں بنایا تھا، کروشین کوچ اینٹے سیسک نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ گڑبڑ کرنے والے افرادکی نشاندہی کرنے کے بعد انھیں سزا دی جائے گی، وہ شائقین فٹبال نہیں بلکہ شرپسند ہیں، یہ 'اسپورٹس دہشت گردی' ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں