رمضان المبارک میں لذیذ پکوان بنا کر افطار کا مزہ لیں

رمضان میں اس طرح کہ پکوان بنا کر آپ اپنے افطار کے مزے کو مزید دوبالا کرسکتے ہیں۔


Nasreen Akhter June 20, 2016
رمضان میں اس طرح کہ پکوان بنا کر آپ اپنے افطار کے مزے کو مزید دوبالا کرسکتے ہیں۔:فوٹو : فائل

چکن سبزی مکس پکوڑے
اجزا:
بیسن (آدھا کلو)
انڈہ (ایک عدد)
میٹھا سوڈا (آدھا چائے کا چمچا)
پانی (حسب ضرورت)
پیاز (دو عدد) باریک کتر لیں
آلو (ایک عدد) باریک کتر لیں
مرغی کی بوٹیاں (ایک پیالی)
پالک (آدھی گٹھی) باریک کتر لیں
کالی مرچ (آدھا چائے کا چمچا)
اجوائن (آدھا چائے کا چمچا)
ثابت دھنیا (ایک کھانے کا چمچا)
زیرہ (ایک کھانے کا چمچا)
سرخ مرچ (ایک کھانے کا چمچا)
پسا ہوا گرم مسالا (ایک کھانے کا چمچا)
لہسن ادرک کا آمیزہ (ایک چائے کا چمچا)
نمک (حسب ذائقہ)
ہری مرچ اور ہرا دھنیا (حسب ضرورت)
ترکیب:
مرغی کی بوٹیاں نمک ڈال کر ابال لیں اور ان کے ریشے الگ کر لیں۔ بیسن، انڈہ اور میٹھا سوڈا پانی ڈال کر اچھی طرح ملا لیں، پھر باقی تمام اجزا بھی شامل کر کے دو گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد ہلکی آنچ پر تیل گرم کریں اور پکوڑے تل لیں۔ مزے دار چکن سبزی پکوڑے تیار ہیں۔ افطار میں چٹنی کے ساتھ نوش فرمائیں۔

جھینگے پکوڑے
اجزا:
جھینگے (200 گرام)
میدہ (ایک پیالی)
بیسن (آدھی پیالی)
انڈے کی سفیدی (دو انڈوں کی)
کُٹی ہوئی لال مرچ (ایک چائے کا چمچا)
اجوائن (چٹکی بھر)
نمک (حسب ذائقہ)
کھانے کا تیل (تلنے کے لیے)
ترکیب:
جھینگوں کو اچھی طرح صاف کر کے دھو لیں اور اس کو درمیانی آنچ پر ڈھک کر اتنا پکائیں کہ پانی خشک ہو جائے، اس کے بعد چولھے سے اتار کر ٹھنڈا کر لیں۔ میدہ اور بیسن ملا کر اس میں لال مرچ، نمک اور اجوائن ملالیں، انڈے کی سفیدی کو اچھی طرح پھینٹ کر اس میں مسالے ملا ہوا میدہ اور بیسن تھوڑا تھوڑا کر کے شامل کر لیں۔ اس کے بعد ٹھنڈا پانی ڈال کر گاڑھا آمیزہ بنالیں، کڑاھی میں آئل کو درمیانی آنچ پر تین سے چار منٹ گرم کرلیں۔ جھینگوں کو اس میں ڈبو کر تلیں اور سنہرا کرلیں، مزے دار جھینگے پکوڑے تیار ہیں۔

ہری پیاز کے پکوڑے
اجزا:
ہری پیاز (ایک پاؤ)
بیسن (ایک پاؤ)
ہری مرچ (دو تین عدد) باریک کتر لیں
ہرا دھنیا (آدھی گٹھی)
کُٹی ہوئی لال مرچ (آدھا چائے کا چمچا)
سفید زیرہ (آدھا چائے کا چمچا)
ہلدی (چوتھائی چائے کا چمچا)
بیکنگ پاؤڈر (آدھا چائے کا چمچا)
نمک (حسب ذائقہ)
تیل (حسب ضرورت)
ترکیب:
ہری پیاز دھو کر باریک کاٹ لیں اور بیسن میں شامل کر لیں۔ سارے مسالے بیسن میں اچھی طرح شامل کر کے بیسن گھول لیں۔ پندرہ منٹ کے لیے رکھ دیں۔ تیل گرم کریں اور ہری پیاز کے پکوڑے تل لیں۔ اپنی افطار کو رونق بخشیے اور چٹنی کے ساتھ نوش کریں۔

سبزیوں کے پکوڑے
اجزا:
بیسن (دو پیالی)
میدہ (آدھی پیالی)
مختلف سبزیاں (دو پیالی)
پسا ہوا لہسن (ایک چائے کا چمچا)
پسی ہوئی لال مرچ (ایک چائے کا چمچا)
دھنیا (دو چائے کے چمچا) بھون کر کوٹ لیں
زیرہ (ایک چائے کے چمچا) بھون کر کوٹ لیں
ہلدی (آدھا چائے کا چمچا)
بیکنگ پاؤڈر (آدھا چائے کا چمچا)
پسا ہوا انار دانہ (ایک چائے کا چمچا)
لیموں کا رس (دو چائے کے چمچے)
نمک (حسب ذائقہ)
کھانے کا تیل (تلنے کے لیے)
ترکیب:
مختلف سبزیوں کو ایک سائز کے چھوٹے ٹکڑوں میں دھو کر کاٹ لیں۔ لال مرچ، دھنیا، زیرہ اور ہلدی کو ملالیں اور اس میں سے آدھی مقدار لے کر کتری ہوئی سبزیوں پر ملا دیں، بیسن اور میدہ چھان کر بیکنگ پاؤڈر اور بقیہ آدھے خشک مسالے ڈال کر اچھی طرح ملا لیں، پھر اس میں لہسن، نمک، انار دانہ اور لیموں کا رس شامل کر دیں اور تھوڑا تھوڑا پانی ڈالتے ہوئے گاڑھا آمیزہ بنالیں اور سبزیوں کو اس میں ملالیں، کڑاھی میں کھانے کے تیل کو درمیانی آنچ پر چار منٹ گرم کر لیں، اس آمیزے کو چھوٹے چھوٹے پکوڑوں کی شکل میں تلیں اور زینت دسترخوان بنائیں۔

چنے کی دال کے پکوڑے
اجزا:
چنے کی دال (ایک پاؤ)
ہری مرچیں (چھے عدد) کتر لیں
سویا (آدھی گٹھی) باریک کاٹ لیں
پیاز (ایک عدد) باریک کاٹ لیں
کالا زیرہ (ایک چائے کا چمچا)
لال مرچ اور نمک (حسب ذائقہ)
پکوان تیل (تلنے کے لیے)
ترکیب:
چنے کی دال رات بھر کے لیے پانی میں بھگو دیں۔ صبح باریک پیس لیں، اس کے بعد اس میں مسالے اور سویا، پیاز وغیرہ بھی ملالیں۔ کڑاھی میں تیل کڑکڑائیں اور اس میں چنے کی دال کے چھوٹے چھوٹے پکوڑے ڈال کر دھیمی آنچ پر سرخ کر کے اتارلیں اور گرم گرم نوش کریں۔ چنے کی دال کے مزے دار پکوڑوں سے لطف اندوز ہوں۔

پنیر کے پکوڑے
اجزا:
پنیر کی تہیں (ایک پیکٹ)
بیسن (ایک پاؤ)
ہری مرچیں (تین عدد) پیس لیں
پسا ہوا سفید زیرہ (ایک چائے کا چمچا)
میٹھا سوڈا (ایک چٹکی)
سرخ مرچ اور نمک (حسب ذائقہ)
کھانے کا تیل(تلنے کے لیے)
ترکیب:
بیسن میں ہری مرچ، زیرہ، میٹھا سوڈا، نمک، لال مرچ وغیرہ اچھی طرح ملا لیں اور پانی ڈال کر گاڑھا مرکب تیار کر لیں، اس کے بعد پنیر کی تہوں کو دو دو حصوں میں کاٹ لیں، اور ہر ٹکڑے کو بیسن میں بھگولیں، کڑاھی میں تیل اچھی طرح گرم کرلیں اور پنیر کو بیسن میں بھگو کر پکوڑوں کی شکل میں تل لیں اور افطار کے بعد نوش جان کریں۔

املی کی میٹھی چٹنی
اجزا:
املی (آدھی پیالی)
گڑ (دو کھانے کے چمچے)
لال مرچ (ایک چائے کا چمچا)
پسی ہوئی کھجوریں (آدھی پیالی)
سونٹھ (حسب ضرورت)
نمک (حسب ذائقہ)
ترکیب:
املی بھگو کر چھان لیں، سونٹھ، کھجوریں، نمک ڈال کر پکالیں اور اس میں لال مرچ اور گڑ کوٹ کر ڈالیں۔ جب یہ آمیزہ گاڑھا ہو جائے، تو چولھا بند کردیں۔ ٹھنڈا ہونے پر کسی بوتل میں بھرلیں حسب خواہش مختلف پکوڑوں کے ساتھ استعمال کریں تو پکوڑوں کا لطف دوبالا ہو جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں