پریزیڈنٹ ٹرافی اعصاب شکن معرکے میں واپڈا 4 رنز سے فتحیاب

اسٹیٹ بینک کی آخری وکٹ کیلیے33 رنز کی شراکت ناکافی ثابت ہوئی، ذوالفقار بابر نے7 وکٹیں لیں۔

اسٹیٹ بینک کی آخری وکٹ کیلیے33 رنز کی شراکت ناکافی ثابت ہوئی، ذوالفقار بابر نے7 وکٹیں لیں، کے آر ایل نے پی آئی اے کو7وکٹ سے ہرادیا۔ فوٹو: فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی کے اعصاب شکن معرکے میں واپڈا نے اسٹیٹ بینک کیخلاف4 رنز سے فتح حاصل کرلی۔

ناکام ٹیم نے آخری وکٹ کے لیے 33 رنز کی شراکت بنائی مگر اختتامی لمحات میں فتح سے محروم رہ گئی، فاتح سائیڈکے ذوالفقار بابر نے7کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، کے آر ایل نے پی آئی اے کو7وکٹ سے شکست دے دی، فاتح ٹیم نے 120 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کرلیا،سوئی ناردرن گیس اور حبیب بینک کا مقابلہ ہارجیت کا فیصلہ ہوئے بغیر ختم ہوگیا، کامیابی کیلیے 139رنز کا تعاقب کرنے والی بینک کی ٹیم نے کھیل ختم ہونے تک 73 رنز پر 5 وکٹ گنوا دیں۔


موصولہ اطلاعات کے مطابق اقبال اسٹیڈیم، فیصل آباد میں فتح کے لیے 165رنز کا تعاقب کرنے والی اسٹیٹ بینک کی ٹیم تیسرے دن 127 پر 9وکٹ کھوکر ناکامی کے دہانے پر تو پہنچ ہی گئی تھی تاہم آخری وکٹ کے لیے عدنان رئیس(46) اور محمد نوید (1 ناٹ آئوٹ ) کے درمیان 33رنز کی شراکت نے واپڈا کے پسینے چھڑادیے۔

عدنان کو ذوالفقار بابر نے اننگز میں اپنا ساتواں شکار بنایا، انھوں نے 23.2 اوورز میں 74رنز کے عوض 7وکٹیں اپنے نام کیں،سرفراز احمد کے حصے میں 2وکٹیں آئیں۔یاد رہے کہ پہلی اننگز میں اسٹیٹ بینک کی ہمت 156 پر جواب دے گئی تھی، تاہم واپڈا کے دوسری باری پر 118 پر آئوٹ ہونے کے بعد اسے فتح کیلیے نسبتاً آسان ہدف ملا جسے وہ حاصل نہیں کر پائی۔راولپنڈی میں میزبان کے آر ایل نے پی آئی اے کو7وکٹ سے شکست دے دی، 75رنز کے خسارے میں جانے والی ایئرلائن کی ٹیم دوسری باری میں بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں ناکام رہی اور65.3 اوورز میں194 پر پویلین لوٹ گئی، سرفراز احمد 53 اور فیصل اقبال44 کے سوا دیگر کوئی بیٹسمین وکٹ پر تادیر قیام کو یقینی نہیں بنا سکا، کے آر ایل نے 120رنز کا ہدف 3 وکٹ گنواکر حاصل کرلیا، طیب ریاض 67 گیندوں پر 54رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

اعزاز چیمہ نے 23رنز کے عوض2 کھلاڑیوں کوواپسی کے پروانے تھمائے۔ڈائمنڈ گرائونڈ اسلام آباد میں سوئی ناردرن گیس اور حبیب بینک کا مقابلہ ڈرا ہوگیا، بینک کو کامیابی کیلیے 139 کا ہدف ملا تاہم کھیل ختم ہونے تک ٹیم5وکٹ پر 73رنز بنا سکی، عمران فرحت 44رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عمران خالد نے 6رنز دیکر 2وکٹیں اپنے نام کیں، یونس خان7 پر ناٹ آئوٹ رہے۔اس سے قبل سوئی ناردرن کی ٹیم دوسری اننگز میں 73.4 اوورز میں199رنز بناکر آئوٹ ہوگئی،اختتامی پانچ وکٹیں مجموعے میں67 رنزکا اضافہ ہی ممکن بناپائیں، خرم شہزاد24اور عمران خالد16رنز بناکر نمایاں رہے۔

Recommended Stories

Load Next Story