پاناما لیکس کے معاملے پر اپوزیشن کے سامنے جھکنے کو تیار ہیں مگر سجدہ ریز نہیں ہوسکتے سعد رفیق

شیخ رشید بی جمالو کا کردارادا کررہے ہیں جب کہ اعتزاز احسن تحریک انصاف کے ترجمان نہ بنیں، وزیر ریلوے

شیخ رشید بی جمالو کا کردارادا کررہے ہیں جب کہ اعتزاز احسن تحریک انصاف کے ترجمان نہ بنیں، وزیر ریلوے، فوٹو؛ فائل

وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق کا کہنا ہے کہ اپوزیشن (ن) لیگ کی ٹارگٹ کلنگ اور میڈیا ٹرائل چاہتی ہے جب کہ پاناما لیکس کے معاملے پر اپوزیشن کے سامنے جھک سکتے ہیں مگر سجدہ ریز نہیں ہوسکتے ۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹی او آرز کی حکومتی کمیٹی کے رکن اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اپوزیشن میڈیا ٹرائل اور (ن) لیگ کی ٹارگٹ کلنگ کرنا چاہتی ہے اور جوڈیشل کمیشن سے بھاگ رہی ہے جب کہ اپوزیشن خود ہی مدعی اور خود ہی منصف بن کر فیصلے کرنے کا اختیار اپنے ہاتھ میں لینا چاہتی ہے۔


سعد رفیق نے کہا کہ پہلے کس کا احتساب ہوگا اس کا فیصلہ عدالت کرے گی، اپوزیشن کے 15 سوال ٹی او آر نہیں، وزیر اعظم کا نام زبردستی ٹی او آرز میں نہیں ڈالا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن میں اتحاد ہے تو بہت اچھی بات ہے لیکن اتحاد مثبت بنیادوں پر ہونا چاہیے، حکومت ٹی او آرز کے لیے 1956 کے قانون میں ترمیم کو تیار ہے اور ہم اپوزیشن کے سامنے جھکنے کو تیار ہیں مگر سجدہ ریز نہیں ہوسکتے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اپوزیشن میں گروپ بندی ہے، ٹی او آر کے معاملے پر اپوزیشن کے بعض لوگ گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہم اپوزیشن کی رہنمائی اور اصلاح چاہتے ہیں جب کہ اعتزاز احسن تحریک انصاف کے ترجمان نہ بنیں ہمیں کام کرنے دیں اور خود بھی کام کریں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا امید ہے کہ اعتزاز احسن شیخ رشید اور عمران خان کے چکر نہیں آئیں گے کیونکہ شیخ رشید اپوزیشن میں بی جمالو کا کردار ادا کررہے ہیں ان کے چہرے کے تاثرات بہت سی کہانیاں سناتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمیں کینٹینرز پر چڑھنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن پہلے وہ پشاور کے آدم خور چوہے ختم کریں پھر 2018 میں مقابلے کے لیے تیار رہیں۔

Load Next Story