نیوکلیئرسپلائرز گروپ اجلاس کے ایجنڈے میں بھارت کی رکنیت کا معاملہ شامل نہیں چین

این ایس جی کےرکن ممالک این پی ٹی معاہدے پردستخط نہ کرنے والےممالک کےمعاملے پراب بھی تذبذب کا شکار ہیں،چینی وزارت خارجہ


ویب ڈیسک June 20, 2016
جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط نہ کرنے والے ممالک کو این ایس جی میں شامل کرنے پ تحفظات ہیں،چینی وزارت خارجہ فوٹو:فائل

چین نے کہا ہے کہ نیوکلئیر سپلائرز گروپ میں نئی ممالک کی شمولیت کے معاملے پر رکن ممالک میں اب تک اختلاف رائے پایا جاتا ہے جب کہ سیؤل میں ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں بھارت شامل نہیں۔

بھارتی میڈیا کا چین کے وزارت خارجہ کے ترجمان ہوا چنینگ کے حوالے سے کہنا ہے کہ نیوکلئیر سپلائرز گروپ کے رکن ممالک جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی ) پر دستخط نہ کرنے والے ممالک کے معاملے پر اب بھی تذبذب کا شکار ہیں اور امید ہے کہ رکن ممالک موثر بات چیت کے بعد کسی حتمی نتیجے پر پہنچیں گے تاہم سیؤل میں ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں بھارت کی رکنیت کا معاملہ شامل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ایس جی اجلاس میں کسی نئے رکن کو شامل کرنے کے حوالے سے کوئی موضوع زیر بحث نہیں تاہم جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط نہ کرنے والے ممالک کو این ایس جی میں شامل کرنے پرہمیں تحفظات ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے دعویٰ کیا تھا کہ چین این ایس جی گروپ میں بھارت کی شمولیت کا مخالف نہیں جب کہ بھارتی سیکرٹری خارجہ جے شنکر نے 16 اور 17 جون کو چین کا غیراعلانیہ دورہ بھی کیا تھا جس میں انہوں نے بھارت کو نیوکلئیر سپلائرز گروپ میں شامل کرنے کے لئے چین کو قائل کرنے کی کوشش کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں