انڈر19 کرکٹ بہاولپور نے حیدرآباد کو شکست دے دی

کراچی بلوز اور لاہور شالیمار کا مقابلہ ڈرا، لاہور راوی نے اسلام آباد کو زیر کیا، فیصل آباد کی ٹیم ملتان کے خلاف کامیاب


Sports Reporter November 24, 2012
کراچی بلوز اور لاہور شالیمار کا مقابلہ ڈرا، لاہور راوی نے اسلام آباد کو زیر کیا، فیصل آباد کی ٹیم ملتان کے خلاف کامیاب۔ فوٹو فائل

انٹر ریجن انڈر19 سہ روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کراچی بلوز اور لاہور شالیمار کا مقابلہ ڈرا ہوگیا۔

بہاولپور نے حیدر آباد، لاہور راوی نے اسلام آباد جبکہ فیصل آباد نے ملتان کو شکست دی، راولپنڈی اور ایبٹ آباد کا میچ بھی بے نتیجہ رہا۔ تفصیلات کے مطابق ایل سی سی اے گرائونڈ لاہور میں میزبان شالیمار ٹیم کی میچ پر گرفت مضبوط ہونے کے باوجود کپتان نے کراچی بلوز کو شکست دینے کے بجائے بیٹنگ پریکٹس کو ترجیح دی، آخری روز کا کھیل شروع ہوا تو لاہورکو297 رنز کی برتری حاصل تھی لیکن کپتان نے اننگز ڈیکلیئرڈ کرنے کے بجائے پورے دن بیٹسمینوں کو کھیلنے کا موقع دیا،پہلی اننگز میں9 وکٹ پر322بنانے والی میزبان ٹیم نے دوسری باری میں بھی اتنی ہی وکٹیں گنواکر 354 رنز بنائے۔

ایاز الرحمان نے ناقابل شکست سنچری داغی، فرحان نذیر نے 92 رنز کی اننگز کھیلی، راحیل گلزار4 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، کراچی نے واحد اننگز میں134 رنز اسکور کیے تھے۔حیدر اسٹیڈیم بہاولنگر میں حیدر آباد کو بہاولپور کے ہاتھوں 9 وکٹ سے شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا، مہمان ٹیم دوسری باری میں گزشتہ روز کے اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کرتے ہوئے147 پر پویلین لوٹ گئی، بہاولپور کو 156 کا ہدف ملا جو اس نے ایک وکٹ پر حاصل کرلیا، ذیشان ملک 71 اور رافع احمد66 پر ناقابل شکست رہے۔

کنٹری کلب مرید کے میں لاہور راوی نے اسلام آبادکیخلاف5 وکٹ سے کامیابی حاصل کی، فاتح ٹیم نے پہلی اننگز میں اسلام آباد کے 120 رنز کے جواب میں 232کا اسکوربنا کر برتری حاصل کرلی تھی، دوسری اننگز میں ناکام سائیڈ کے بیٹسمین ایک مرتبہ پھر جم کر نہ کھیل سکے اور پوری ٹیم 168 پر ڈھیر ہوگئی۔

حیدر علی اور محمد آصف نے 3،3 وکٹیں لیں،لاہور راوی نے57 رنز کا ہدف5 وکٹ پر حاصل کرلیا،حسیب الرحمان 23 رنز ناٹ آئوٹ کے ساتھ نمایاں رہے، عدیل ارشاد عباسی نے پانچوں بیٹسمینوں کو پویلین بھجوایا۔ بوہڑاں والی گرائونڈ فیصل آباد میں میزبان نے ملتان کو6 وکٹ سے ٹھکانے لگایا، مہمان ٹیم دوسری باری میں137 پر رخصت ہوگئی، فیصل آباد کو فتح کیلیے135 کا ٹارگٹ ملا جو اس نے4 وکٹ پر حاصل کرلیا،سعداللہ ظفر نے54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، پہلی باری میں ملتان نے240 اور فیصل آباد نے243 رنز بنائے تھے۔

ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں راولپنڈی اور میزبان ٹیم کا مقابلہ ڈرا ہوگیا، مہمان ٹیم نے گذشتہ روز کے اسکور121/2کو آگے بڑھاتے ہوئے 6 وکٹ پر 237 رنز پر اننگز ڈیکلیئرڈکردی، عاقب شاہ98 اور میر واعظ67 رنزکے ساتھ نمایاں رہے، کھیل ختم ہونے تک ایبٹ آباد نے5 وکٹ پر185 رنز بنائے،پہلی باری میں راولپنڈی نے 408 اور ایبٹ آباد نے154 رنز اسکور کیے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |