مائیکل کلارک کا موازنہ ڈان بریڈمین سے ہونے لگا

جنوبی افریقہ کیخلاف ڈبل سنچری بنانے والے کپتان ملکی میڈیا کی آنکھوں کا تارا بن گئے۔


Sports Desk November 24, 2012
جنوبی افریقہ کیخلاف ڈبل سنچری بنانے والے کپتان ملکی میڈیا کی آنکھوں کا تارا بن گئے۔ فوٹو : اے ایف پی

KARACHI: آسٹریلوی میڈیا نے سیزن میں چوتھی ڈبل سنچری بنانے کے بعد مائیکل کلارک کا موازنہ اپنے عہد کے عظیم بیٹسمین ڈان بریڈمین سے شروع کردیا، جنوبی افریقہ کیخلاف 230 رنز کی اننگز کھیلنے والے مائیکل کلارک ملکی میڈیا کی آنکھوں کا تارا بن گئے۔

جمعے کو شائع ہونے والے تمام مقامی اخبارات ان کی تعریفوں سے بھرے رہے، بریڈ مین نے1930 میں ایک ہی سیزن میں تین ڈبل سنچریاں بنانے کا کارنامہ انجام دیا تھا، رکی پونٹنگ نے2003 میں یہ کارنامہ دہرایا تھا،اب کلارک نے سیزن میں چوتھی ڈبل سنچری داغ کر سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ مارچ میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت ملنے کے بعد سے وہ اب تک 1844رنز اپنے نام جوڑ چکے جس میں ایک ٹرپل سنچری، تین ڈبل سنچریاں اور تین سنچریاں شامل ہیں، وہ رواں سیزن میں اب تک 127.10 کی اوسط سے 1271 رنز جوڑ چکے ہیں۔

اگر شاندار پرفارمنس کا سلسلہ جاری رہا تووہ رکی پونٹنگ کا 2005 میں قائم کردہ 1544 کا ملکی ریکارڈ توڑ سکتے ہیں، سیزن میں سب سے زیادہ 1788 رنز کا پاکستانی بیٹسمین محمد یوسف کا ریکارڈ بھی کلارک کے نشانے پر ہوگا جو انھوں نے 2006 میں بنایا تھا۔ کینگروقائد کو رواں سیزن میں جنوبی افریقہ سے مزید2اور سری لنکا سے بھی اتنے ہی ٹیسٹ میچز کھیلنے کو ملیں گے۔ یاد رہے کہ کلارک نے جنوبی افریقہ کیخلاف لگاتار دوسرے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری جڑی ہے،جمعے کو230 کے انفرادی اسکور پر انھیں مورکل نے بولڈ کیا، سیریز کے ڈرا برسبین ٹیسٹ میں کلارک نے 259 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں