بھارت میں سلمان خان کے خلاف خواتین کے حقوق کی علمبردارتنظیمیں میدان میں اترآئیں

سلمان خان نے ایک انٹرویو میں سلطان کی شوٹنگ کے دوران اپنی حالت زیادتی کا شکارعورت جیسی قرار دی تھی۔

اداکارکو بیان دینے سے قبل یہ سوچنا چاہیئے تھا کہ انکے مداحوں میں خواتین کی کتنی تعداد ہے، سربراہ نیشنل کمیشن آف وومین:فوٹو:فائل

سلمان خان بالی ووڈ کی وہ شخصیت ہیں جن کے بھارت میں سب سے زیاہ پرستارہیں لیکن اس کے ساتھ ہی ان کے خلاف محاذ بھی بہت جلدی بن جاتے ہیں ایسی ہی صورت حال اب دوبارہ پیدا ہوچکی ہے اورخواتین کے حقوق کی تنظیموں نے ان سے ایک بیان پر معافی کا مطالبہ کردیا ہے۔

چند روزقبل بھارت کی ایک ویب سائیٹ پرسلمان خان کا انٹرویو شائع ہوا تھا، انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا تھا کہ ''سلطان'' میں ان کا پہلوانوں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ کیسا رہا، جس پرسلمان خان نے کہا تھا کہ فلم میں کام کے دوران ان کی حالت زیادتی کا شکارعورت جیسی ہوگئی تھی کیونکہ فلم کے دوران 10 سے زائد پہلوان انہیں مختلف زاویوں سے اٹھا اٹھا کرپٹخ دیتے تھے اورہرپہلوان کا وزن 100 کلو سے زائد تھا۔


دبنگ خان کے اس بیان پرحقوق نسواں کی تنظیموں میں غم وغصہ پھیل گیا اورسلمان خان نے فوری طورپرمعافی مانگنے اوراپنے الفاظ واپس لینے کا مطالبہ کررہی ہیں، بھارت کی نیشنل کمیشن آف ویمن نے ان سے 7 روزمیں معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سلمان خان کو اس قسم کا بیان دینے سے قبل یہ سوچنا چاہیئے تھا کہ ان کے مداحوں میں خواتین کی کتنی تعداد ہے اور اس سے انہیں کتنی ٹھیس پہنچے گی۔

واضح رہے کہ سلمان خان سلطان میں ایک ریسلر کا کردار ادا کررہے ہیں اور یہ فلم عید کے موقع پر ریلیز ہوگی۔
Load Next Story