خیبرپختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان آپس میں ہی الجھ پڑے

عمران خان کی صفوں میں میرصادق اور میر جعفر جیسے لوگ موجود ہیں،رکن تحریک انصاف جمشید خان

عمران خان کی صفوں میں میرصادق اور میر جعفر جیسے لوگ موجود ہیں،رکن تحریک انصاف جمشید خان، فوٹو؛ ایکسپریس

خیبرپختونخوا اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے ارکان آپس میں ہی الجھ پڑے جب کہ اس دوران پی ٹی آئی کے رکن نے کہا کہ عمران خان کی صفوں میں میر جعفر اورمیر صادق جیسے لوگ شامل ہوگئے ہیں ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو ایجنڈے کی کارروائی میں بجٹ پر بحث شامل تھی اس موقع پرتحریک انصاف کے ناراض رکن جمشید خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ تحریک انصاف کا منشور نہیں، عمران خان کی صفوں میں میرصادق اور میر جعفر جیسے لوگ موجود ہیں جس پر پی ٹی آئی ارکان نے اپنے ہی ناراض رکن کی بات پر احتجاج شروع کردیا جس کے بعد اسپیکر نے جمشید خان کے الفاظ اسمبلی کارروائی سے حذف کرادیئے۔


اجلاس کے دوران پی ٹی آئی ارکان آپس میں ہی الجھ رہے تھے کہ اس دوران اپوزیشن کی جانب سے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد صوبائی وزیرشہرام ترکئی اور اپوزیشن رکن بابر سلیم کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد بات ہاتھا پائی تک جاپہنچی، اسمبلی میں ہنگامے کے دوران تمام ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے جب کہ اس موقع پر شہرام ترکئی اور بابر سلیم کے درمیان غیرپارلیمانی زبان کا بھی استعمال ہوا، ایوان میں ہنگامہ آرائی اور شور شرابے کے بعد اسپیکر اسد قیصر نے اجلاس کل تک کے لئے ملتوی کردیا۔

Load Next Story