تخت شریف کا انداز حکمرانی بادشاہت والا ہے بلاول بھٹو زرداری

ہمیں بے نظیر وزیراعظم کی ضرورت ہے جو دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکے، چیرمین پیپلزپارٹی


ویب ڈیسک June 21, 2016
تخت شریف نہیں چاہتا کہ ملک میں جمہوری ادارے مضبوط ہوں، چیرمین پیپلزپارٹی- فوٹو: فائل

چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اگر ملک ایک ماہ تک وزیراعظم کے بغیر چل سکتا ہے تو ایسے وزیراعظم کی کیا ضرورت ہے جب کہ تخت شریف کا انداز حکمرانی بادشاہت والا ہے۔

آزاد کشمیر، بھمبر میں پیپلزپارٹی کے جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ماہ سے ملک وزیراعظم کے بغیر چل رہا ہے اگر ملک ایسے ہی چل سکتا ہے تو وزیراعظم کی ضرورت ہی کیا ہے جب کہ اس ملک کو بے نظیر وزیراعظم کی ضرورت ہے جو دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکے کہ ہم پر امن پاکستان چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب نے چارٹر آف ڈیموکریسی کو بھلادیا اگر میثاق جمہوریت پر عمل کیا جاتا تو آج ملک کے حالات ایسے نہ ہوتے جب کہ تخت شریف نہیں چاہتا کہ ملک میں جمہوری ادارے مضبوط ہوں اور حکومت ہر ادارے میں جوڑ توڑ کررہی ہے، کہنے کو تو یہ منتخب اور جمہوری حکومت ہے لیکن انداز حکمرانی تخت شریف کی بادشاہت والا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تاریخ میں بہت کم ایسی شخصیت ہوتی ہیں جو بے نظیر ہوں جب کہ شہید بے نظیر بھٹو آمریت کے خلاف جدوجہد کی علامت بنیں، انہوں نے ناممکن کو ممکن بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے سیاست صرف سیاست نہیں ہے بلکہ اس کو عبادت کا درجہ دیتا ہوں جب کہ میری سیاست غریبوں، مزدوروں، کسانوں، نوجوانوں، مظلوموں اور برابری کے لیے ہے میں نظریاتی سیاست کررہا ہوں، آج میڈیا میں پروپیگنڈا کیا جاتا ہے کہ پیپلزپارٹی ختم ہوگئی ہے اور آخری سانسیں لے رہی ہے لیکن انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ یہ تو صرف ٹریلر ہے میں بہت جلد پنجاب اور خیبرپختونخوا کا دورہ کروں گا اور یہ میرا ایمان ہے کہ پاکستان کے عوام شہید بھٹو کو بھول سکتے ہیں اور نہ شہید بینظیر کو۔

چیرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہم بے نظیر پاکستان بنانا چاہتے ہیں جہاں تمام پاکستانیوں کو ان کا حق دیا جائے گا، اقلتیوں کو ان کے حقوق دیئے جائیں گے، عوام کو روزگار دیا جائے گا، عدالتیں انصاف کریں گی، پولیس لوگوں کا تحفظ کرے گی، افسر شاہی اور سیاستدان عوام کے خادم ہوں گے جب کہ بے نظیر معیشت میں عوام کا پیسا میٹرو جیسے نمائشی منصوبوں پر خرچ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ ان انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ نہ دیں کیوں کہ یہ ایک ریفرنڈم ہے، اور اگر (ن) لیگ کامیاب ہوجاتی ہے تو ایسا لگے گا کہ یہاں کے عوام نے نوازشریف کی کشمیر دشمن پالیسی کی حمایت کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں