پاکستان کومزید 15 ہزارافراد کا حج کوٹہ ملنے کا امکان

وزارت مذہبی امور کا وفد چند روزمیں سعودی عرب جائے گا، پاکستان کیلیے ایک لاکھ 43 ہزار 3 سو 68 حجاج کا کوٹہ مختص ہے

کوٹے کو نئی حج کمپنیوں میں تقسیم کیا جائے، نئی کمپنیوں کے حج پیکیجز نسبتاً سستے ہیں، سعید صابری، عبدالمنان، ساجد رضا فوٹو: فائل

سعودی عرب سے پاکستان کو مزید 15 ہزار کا حج کوٹہ ملنے کی امید ہے، وزارت مذہبی امورکا وفد وفاقی وزیر سردار یوسف کی سربراہی میں آئندہ چند روز میں سعودی عرب جائے گا۔


ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امورکا وفد سعودی حکومت سے مذاکرات کرے گا جس میں پاکستان کیلیے مزید 15 ہزار حج کوٹے کی درخواست پرغورہوگا، ذرائع کے مطابق سعودی حکومت پاکستان کیلیے مزید 15 ہزارکے حج کوٹے کی درخواست کو قبول کرلے گی، اس وقت پاکستان کیلیے ایک لاکھ 43 ہزار3 سو 68 کا حج کوٹہ مختص ہے،پاکستان سے حج درخواستیں جمع کرانے والے حاجیوں کی تعداد اس سال 2 لاکھ 80 ہزار 6 سو 17 تھی، حکومت پاکستان سعودی عرب سے ملنے والا حج کوٹہ سرکاری اور پرائیویٹ اسکیم میں تقسیم کر دیتی ہے اس سال سرکاری اسکیم کیلیے 71 ہزار اور پرائیویٹ اسکیم کیلیے بھی 71 ہزار کا کوٹہ مختص ہے۔

دریں اثنا ایکشن کمیٹی برائے متاثرین حج کوٹہ کے چیئرمین الحاج محمد سعید صابری، صدر عبدالمنان، ساجد رضا و دیگر نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو مزید 15 ہزار کا حج کوٹہ ملنے کی اطلاعات خوش آئند ہیں، انھوں نے صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف اور وفاقی وزیر مذہبی امور سرداریوسف سے اپیل کی کہ سعودی عرب سے ملنے والے ہزارکے کوٹے کو نئی حج کمپنیوں میں تقسیم کیا جائے کیونکہ نئی حج کمپنیوں کے حج پیکیجز نسبتاً سستے ہیں اورعازمین حج کی دسترس میں ہیں۔
Load Next Story