کابل میں بھارتی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی کی افغان طالبہ سے زیادتی

افغان حکومت نے بھی بھارتی فوج کے حاضر سروس بریگیڈئیر کے خلاف کارروائی کے بجائے اسے ملک بدر کردیا

بریگیڈیئرایس کے نارائن کابل کے بھارتی سفارتخانے میں ملٹری اتاشی تعینات تھا،فوٹو:سوشل میڈیا

KARACHI:
بھارت میں یوں تو آئے روز خواتین سے ذیادتی کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں تاہم اب بھارتی سورما بیرون ملک بھی خواتین کی عصمت سے کھیلنے لگے ہیں اور ابھی زمبابوے میں بھارتی کرکٹرکی خاتون سے زیادتی کامعمہ حل نہیں ہوا کہ افغانستان میں بھارتی ملٹری اتاشی نے ایک افغان طالبہ کو ذیادتی کا نشانہ بناڈالا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کابل میں واقع بھارتی سفارت خانے میں ایک ضرورت مند افغان طالبہ وظیفے کے حصول کے لیئے گئی تاہم وہاں پر بھارتی ملٹری اتاشی بریگیڈیئرایس کے نارائن نے درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معصوم طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا جس پر بھارتی حکومت اورسفارت خانے نے ہمیشہ کی طرح روایتی بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مظلوم لڑکی کو انصاف دلانے کے بجائے خاموشی اختیارکرلی۔


دوسری جانب افغانستان کی جانب سے واقعے کا علم ہونے پر فوری ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی دفاعی اتاشی کو ملک بدر کردیا گیا تاہم ملزم کے خلاف کسی قسم کی قانونی کارروائی نہیں کی گئی، جب کہ واقعے کے خلاف افغان عوام میں بھی شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج میں اخلاقی کرپشن اپنی انتہا کو چھورہی ہے اورسورماؤں کی ہوس پرستی سے خود بھارتی خواتین بھی محفوظ نہیں اورچند ہفتے قبل ہی 3 بھارتی فوجیوں نے امرتسر ایکسپریس میں ایک 14 سالہ بھارتی لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا جب کہ اس سے قبل بھارتی فوجیوں پر اقوام متحدہ کی امن فورس میں تعیناتی کے دوران بھی مقامی خواتین سے زیادتی کے الزامات لگتے رہے ہیں جب کہ مقبوضہ کشمیر میں بھی خواتین سے زیادتی کے واقعات کی وجہ سے دنیا بھر میں بھارتی فوج کو رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔

بھارتی فوج کے بعد کرکٹرز بھی ان سے پیچھے نہیں حال ہی میں زمبابوے میں موجود ایک بھارتی کرکٹر پر خاتون سے زیادتی کا الزام سامنے آیا ہے اور اس معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں ،دوسری جانب بھارتی شہروں میں بھی پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر مقامات پر ہوس کے مارے بھارتیوں کے ہاتھوں ملکی و غیر ملکی خواتین سے زیادتی کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے بھارت خواتین سیاحوں کے لیئے دنیا کے خطرناک ترین ممالک میں سرفہرست ہے۔
Load Next Story