متحدہ قومی موومنٹ کے زیرا ہتمام یوم یکجہتی مظلومین غزہ

ملک بھرمیںنمازجمعہ کے بعدمظاہروں،اجتماعات میں عام لوگوں اورعلمائے کرام کی شرکت


Staff Reporter November 24, 2012
ملک بھرمیںنمازجمعہ کے بعدمظاہروں،اجتماعات میں عام لوگوں اورعلمائے کرام کی شرکت۔ فوٹو: فائل

SIALKOT: متحدہ قومی موومنٹ کے زیرا ہتمام مظلوم فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی،اسرائیلی جارحیت اورپاکستان بھرمیں ہونے والے خودکش بم دھماکوں کیخلاف کراچی سمیت ملک بھرمیں''یوم یکجہتی مظلومین غزہ'' منایاگیا۔

اس موقع پرپرامن احتجاجی مظاہرے اوردعائیہ اجتماعات منعقدہوئے جن میںنوجوانوں،بزرگوں،خواتین،علمائے کرام سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادنے بڑی تعدادمیںشرکت کی جبکہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایم کیوایم کے زونز،سیکٹراوریونٹوںکے تحت نمازجمعہ کے بعدمساجدکے باہربھی پرامن احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ اس سلسلے کامرکزی پرامن احتجاجی مظاہرہ اور دعائیہ اجتماع جناح گراؤنڈ عزیزآباد سے متصل مدنی مسجد پرکیا گیا جس میںہزاروںکی تعداد میں نوجوانوں، بزرگوں، خواتین، بچوں، بچیوں،علمائے کرام اورزندگی کے دیگرشعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادنے شرکت کی۔

پرامن احتجاجی مظاہرے کے شرکانے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اوربینرزبھی اٹھا رکھے تھے جن پرمظلوم فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی اوراسرائیل کی جارحیت اورپاکستان میںہونیوالے خودکش بم دھماکوں میںبے گناہ افرادکی شہادتوںکے خلاف مذمتی کلمات جلی حروف میں تحریر تھے۔اس مظاہرے سے ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ز انیس احمد قائم خانی،ڈاکٹرنصرت،رابطہ کمیٹی کے دیگراراکین،حق پرست وزرا، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔خطاب کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب نے کہاکہ آج کے احتجاجی مظاہروں سے ثابت ہوگیا ہے کہ الطاف حسین پوری دنیا کے مظلوموں کے ساتھ ہیں۔

وہ شخص جوغیر مذاہب پرظلم کے خلاف آوازبلند کرتا ہے اورڈرتانہیں ہے وہ مسلمانوں پرظلم کے خلاف کیسے خاموش رہ سکتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین کانظریہ مسلم امہ کے خلاف کی جانے والی سازشوں اور ظلم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگا۔مظلوم فلسطینی مشکل کی گھڑی میں اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں۔اگر فلسطینیوں پر ظلم اور ان کا قتل عام بند نہیں ہوا تو عوام قائد تحریک کی آواز پر اسرائیل کے خلاف بھرپوراحتجاج کریںگے۔انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اگر مسلمانوں پر ظلم اور ان کا قتل عام بند نہیں کراسکتی تو اس کے قیام کا کوئی جواز نہیں رہتا۔

انھوں نے ملک میں ہونے والے بم دھماکوں کی سخت مذمت کی اور دھماکوں میں شہید ہونے والے افراد کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلیے دعا بھی کی۔بعدازاںمتحدہ بین المسلمین فورم کے صدر مولاناتنویرالحق تھانوی نے اسرائیلی جارحیت کے خاتمے، حملوںمیںشہیدہونیوالے فلسطینیوںکی مغفرت ،پاکستان کی بقا،سلامتی اوراستحکام، ملک میںجاری دہشتگردی کے خاتمے اور ان میںجان بحق افرادکی مغفرت اورقائدتحریک کی درازی عمر،صحت و تندرستی کیلیے خشوع وخضوع کے ساتھ دعاکرائی۔

کراچی کے علاوہ اندرون سندھ، پنجاب،خیبر پختونخواہ، بلوچستان، آزاد کشمیروگلگت بلتستان میں بھی ایم کیوایم کے دفاترپرامن احتجاجی مظاہرے اور دعائیہ اجتماعات کا انعقادکیا گیا جس میں عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور اسرائیلی جارحیت اور بم دھماکوں کے خلاف بھر پور احتجاج ریکارڈ کرایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں