امجد صابری کے قتل سے لگتا ہے کراچی میں پھر سازش کے تانے بانے بُنے جارہے ہیں فاروق ستار

پونے 3 سالہ ٹارگٹڈ آپریشن کے بعد ہائی پروفائل شخصیت کا قتل ہو تو یہ کراچی میں خوف کی فضاقائم کرتاہے،رہنما ایم کیوایم


ویب ڈیسک June 22, 2016
امجد صابری نے ہمیں ایک ہفتے پہلے بتایا کہ انہوں نے کسی کا پروگرام کرنے سے انکار کردیا تھا ڈاکٹرفاروق ستارفوٹو؛ ایکسپریس/ فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ہم پہلے ہی کہہ رہے تھے کہ کراچی کا امن عارضی ہے اورامجد صابری کے قتل سے لگتا ہے شہر میں پھر سازش کے تانے بانے بنے جارہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستارکا کہنا تھا کہ امجد صابر قومی اثاثہ تھے جن کا قتل دہشت گردی کا بڑا سانحہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، جو واقعے کے مرتکب ہیں وہ براہ راست اس کے ذمہ دار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امجد صابری نے ہمیں ایک ہفتے پہلے بتایا کہ انہوں نے کسی کا پروگرام کرنے سے انکار کردیا تھا کیوں کہ وہ ان کے مزاج اورنظریات کے خلاف تھا اورجب تحقیقاتی ادارے اس معاملے کی تحقیقات کریں گے تو یہ معاملہ ان کے سامنے رکھیں گے۔

ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا کہ پونے تین سالہ ٹارگٹڈ آپریشن کے بعد اگر ہائی پروفائل شخصیت کا قتل ہو تو یہ پورے کراچی میں ڈر اور خوف کی فضا قائم کرتا ہے اور اس قسم کی ٹارگٹڈ کلنگ سے لوگوں میں بداعتمادی پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امجد صابری کے قتل کے بعد لوگ بجا سوال کرتے ہیں کہ کیا یہ سیکیورٹی کی ناکامی نہیں ہے، امجد صابری کے قتل کے بعد لگتا ہے کہ ایک مرتبہ پھر شہر قائد میں سازش کے تانے بانے بنے جارہے ہیں۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں اب بھی جرائم پیشہ عناصر کی آماج گاہیں موجود ہیں جواپنی مرضی سے اپنے ٹارگٹ کو جس وقت اور جہاں چاہیں نشانہ بناتے ہیں جب کہ شہرمیں دہشت گردوں کی سرپرستی کرنے والے لوگ بھی موجود ہیں، دو روز قبل ہی چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے صاحبزادے کو دن دیہاڑے بندوق کی زور پر اغوا کیا گیا، ہم پہلے ہی کہہ رہے تھے کہ کراچی میں آل از ناٹ ویل جب کہ ثبوت اور شواہد کی بنیاد پر جرائم پیشہ اور دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے کی ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |