چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے بیٹے کا سراغ نہ لگایا جاسکا اغوا کا مقدمہ درج

اغوا کا مقدمہ 2 روز بعد رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کی مدعیت میں کلفٹن تھانے میں درج کیا گیا۔

اغوا کا مقدمہ 2 روز بعد رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کی مدعیت میں کلفٹن تھانے میں درج کیا گیا۔ فوٹو؛ فائل

FAISALABAD:
چیف جسٹس سندھ ہائیكورٹ كے صاحبزادے كے اغوا كا معمہ تاحال حل نہیں كیا جا سكا ہے جب کہ اویس شاہ کے اغوا کا مقدمہ 2 روز بعد رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔



سندھ ہائی كورٹ كے چیف جسٹس سجاد علی شاہ كے بیٹے اویس علی شاہ كے اغوا كے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ كو غفلت کا مظاہرہ کرنے والے اور پولیس کے اعلیٰ افسران سے غلط بیانی کرنے پر ایس ایس پی ڈاکٹر فاروق اور ایس پی کلفٹن امجد حیات کو معطل کرنے کا حکم دے دیا جس کے بعد آئی جی سندھ نے مذکورہ افسران کی معطلی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔



ذرائع كا كہنا ہے كہ علاقہ پولیس نے اویس شاہ كے اغوا كی اطلاع اغوا كیے جانے كے نصف گھنٹے بعد ایس ایس پی ساؤتھ ڈاكٹر فاروق كو دی تھی لیكن ایس ایس پی نے اپنے اعلیٰ افسران كو واقعہ كی اطلاع دینے كی زحمت گوارہ نہیں سمجھی۔ ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ كی جانب سے ایڈووكیٹ اویس شاہ كی بازیابی كیلئے بنائی جانے والی كمیٹی كے پہلے اجلاس میں واقعہ كا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا گیا۔




ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریك كمیٹی كے ممبران نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ كو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا كہ 48 گھنٹے كے دوران كی جانے والی تفتیش،عینی شاہدین كے بیانات اورشہر بھر سے حراست میں لئے جانے والے مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ اور جیو فینسنگ میں تاحال كوئی پیش رفت سامنے نہیں آسكی جس پر آئی جی سندھ نے كمیٹی كے ممبران كو ہدایت جاری كہ اویس علی شاہ كا غوا ہونا ہائی پروفائل كیس ہے، اویس علی كو باحفاظت بازیاب كرانا پولیس كیلئے ایك اہم ٹاسك ہے جس كو كسی بھی حالت میں حل كرنا لازمی ہے۔



دوسری جانب چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کے صاحبزادے بیرسٹر اویس علی شاہ کے اغوا کا مقدمہ 2 روز بعد درج کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اویس شاہ کے اغوا کا مقدمہ رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کی مدعیت میں کلفٹن تھانے میں درج کیا گیا جب کہ مقدمے میں 352 سیکشن 34 اور 365 کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔



ادھر سندھ ہائیكورٹ كے چیف جسٹس سجا دعلی شاہ سے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اكبر نے ملاقات كی اور اویس علی شاہ كی بازیابی سے متعلق ہونے والی پیش رفت سے چیف جسٹس كو آگاہ كیا۔ ذرائع كے مطابق ملاقات كے دوران ڈی جی رینجرز نے چیف جسٹس كے صاحبزادے اویس علی شاہ كی بازیابی كے لیے كی گئی كوششوں سے متعلق چیف جسٹس كو آگاہ كیا اور بتایا كہ اس سلسلے میں شہر بھر میں كارروائیاں كی گئی ہیں اور چھاپے مارے جار ہے ہیں، امید ہے كہ جلد ہی اویس علی شاہ كو بازیاب كرالیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بیرسٹر اویس علی شاہ کو 20 جون کی دوپہر کلفٹن میں واقع شاپنگ مال کے باہر سے اغوا کیا گیا جب کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مغوی کی بازیابی کے لیے کوششیں کررہے ہیں تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی پیشرفت سامنے نہیں آسکی ہے۔

Load Next Story