چین کے دشمنوں کے لئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں صدر ممنون حسین

چین کی جانب سے پاکستان کی خود مختاری اورعلاقائی سلامتی کے حوالے سے اپنایا گیا مؤقف قابل ستائش ہے، صدر مملکت

چین کی جانب سے پاکستان کی خود مختاری اورعلاقائی سلامتی کے حوالے سے اپنایا گیا مؤقف قابل ستائش ہے، صدر مملکت. فوٹو:فائل

صدر ممنون حسین نے چین کی جانب سے نیوکلئیر سپلائرز گروپ کی رکنیت کے لئے پاکستان کی حمایت کرنے پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین کے دشمنوں کے لئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔

ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پرصدرممنون حسین اور چینی ہم منصب شی جن پنگ کے درمیان ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے رہنماؤں کے درمیان علاقائی امن اور استحکام کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا جب کہ صدر مملکت ممنون حسین نے نیوکلیئرسپلائرزگروپ کی رکنیت کے لئے پاکستان کی حمایت کرنے پرچین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چین کے موقف کو بھی سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ صرف بھارت کو نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت دینے سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑے گا۔


صدرممنون حسین نے چین کی طرف سے پاکستان کی خود مختاری اورعلاقائی سلامتی کے موقف اور بلوچستان میں حالیہ ڈرون حملے کی مذمت کو بھی سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اہم منصوبے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جب کہ صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ چین کے دشمنوں کے لئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں اور اقتصادی راہداری منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم اور اس سے منسلک صنعتی علاقوں پر رواں سال ہی کام کا آغاز کردیا جائے گا۔

 
Load Next Story