چوہدری نثار نے یکم جولائی سے شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق کرنے کی منظوری دیدی

فیملی ٹری کے حوالے سے ایس ایم ایس اور ٹیلی فون کے ذریعے معلومات کے لیے ہیلپ لائن قائم کی جائے، وزیر داخلہ

فیملی ٹری کے حوالے سے ایس ایم ایس اور ٹیلی فون کے ذریعے معلومات کے لیے ہیلپ لائن قائم کی جائے، وزیر داخلہ، فوٹو؛ پی آئی ڈی

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی نے یکم جولائی سے ملک بھرمیں کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق شروع کرنے کی حتمی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکی زیر صدارت وزارت داخلہ کا اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری داخلہ، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا،چیرمین نادرا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیر داخلہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نادرا نے ایک ہیلپ لائن قائم کی ہے جہاں اجنبی افراد کو شناختی کارڈ جاری کیے جانے کے بارے میں رپورٹ کیا جاسکے گا جب کہ قومی شناختی کارڈ کی ازسرنو تصدیق کی مہم کیلئے ضروری انسانی وسائل کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے۔


اس موقع پر وزیرداخلہ نے یکم جولائی سے ملک بھرمیں کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق شروع کرنے کی حتمی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ اس عمل کے لیے کثیر الجہتی حکمت عملی اختیار کی جائے جس میں پی ٹی اے کا ڈیٹا اجنبی افراد کی شناخت کے لیے استعمال کیا جائے جب کہ فیملی ٹری کے حوالے سے ایس ایم ایس اور ٹیلی فون کے ذریعے معلومات کے لیے ہیلپ لائن قائم کی جائے۔

چوہدری نثار نے نادرا کو ہدایت کی کہ نادرا کے ڈیٹا بیس سے اجنبی افراد کے ناموں کو خارج کرنے کے مقاصد کے حصول کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کارلائے جب کہ نادرا بلاک کیے گئے قومی شناختی کارڈز کے تمام کیسوں کو نمٹانے کیلئے ٹائم لائن مقرر کرے۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر عوام میں آگاہی کیلئے نادرا کی میڈیا اسٹرٹیجک کی بھی منظوری دی۔
Load Next Story