برطانوی عوام کا یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں تاریخی فیصلہ

52 فیصد لوگوں نے یورپی یونین چھوڑنے جب کہ 48 فیصد لوگوں نے ساتھ رہنے کے حق میں ووٹ ڈالے

ڈالر کے مقابلے میں پاؤنڈ کی قدر میں 11 فیصد کمی، پاؤنڈ 31 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔ فوٹو: فائل

برطانیہ کے یورپی یونین کا حصہ رہنے یا علیحدہ ہونے کے حوالے سے ہونے والے ریفرنڈم کے نتائج کے مطابق برطانوی عوام نے یورپی یونین پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یورپی اشتراک سے علیحدگی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق برطانیہ کے یورپی یونین کا حصہ رہنے یا علیحدہ ہونے کے حوالے سے ہونے والے ریفرنڈم کے نتائج سامنے آ چکے ہیں جس کے مطابق 52 فیصد عوام نے یورپی یونین چھوڑنے جب کہ 48 فیصد نے یورپی یونین کا حصہ رہنے کی حمایت میں ووٹ ڈالے۔ برطانیہ کے الیکشن الیکٹرورل کے مطابق ایک کروڑ 74 لاکھ 10 ہزار 742 افراد نے یورپی یونین کی مخالفت میں جب کہ ایک کروڑ 61 لاکھ 41 ہزار 241 افراد نے یورپی یونین کے حق میں فیصلہ دیا، ووٹ ڈالنے کی شرح 72 فیصد رہی جو برطانیہ میں 1992 کے ہونے والے کسی بھی انتخابات میں سب سے زیادہ ہے۔


برطانیہ کے یورپی یونین چھوڑنے کے فیصلے سے ایشین اور پاکستانی اسٹاک ایکسچینج میں بھی شدید مندی دیکھی گئی جب کہ ڈالر کے مقابلے میں پاؤنڈ کی قدر میں 11 فیصد کمی دیکھی گئی، پاؤنڈ 31 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔ ریفرنڈم کے نتائج سامنے آنے کے کچھ دیر بعد ہی برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر باراک اوباما نے بھی اپنے حالیہ دورہ لندن میں خبردار کیا تھا کہ اگر برطانوی عوام نے یورپی یونین سے علیحدگی کا فیصلہ دیا تو برطانیہ کو امریکا کے ساتھ ہونے والے آزاد تجارت کے معاہدے سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔

Load Next Story