چین میں طوفانی بارشوں سے کئی دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے 98 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی

ملک کے جنوبی حصے میں 2 لاکھ افراد متاثرہوئے ہیں جبکہ وسطی چین میں بھی بارشوں کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔


ویب ڈیسک June 24, 2016
ملک کے جنوبی حصے میں 2 لاکھ افراد متاثرہوئے ہیں جبکہ وسطی چین میں بھی بارشوں کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

چین کے مشرقی صوبے جیانگسو میں ژالہ باری اور تیز ہواؤوں کے ساتھ ہونے والی طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں مختلف حادثات و واقعات میں 98 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ ملک کے جنوبی حصے میں سیلاب کے باعث 2 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مشرقی چین کے صوبے جیانگسو میں آندھی، طوفان، بگولوں اور بارشوں نے تباہی مچادی ہے، تیز بارشوں سے صوبے میں سیلاب کی سی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جب کہ خطرناک بارشوں سے درجنوں دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق طوفانی بارشوں کے باعث اب تک مرنے والوں کی تعداد 98 ہوچکی ہے جب کہ 500 سے زائد افراد زخمی بھی ہیں جن میں سے 200 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

صوبے کے بیشتر شہروں میں بھی کئی عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں جب کہ سڑکیں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کررہے ہیں، شدید بارشوں کے باعث اسٹریٹ لائٹس کے کھمبے اور درخت اکھڑ گئے جبکہ بجلی کی فراہمی کا نظام بھی درہم برہم ہوچکا ہے۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے طوفان سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ افراد کی ہرممکن مدد کی جائے اورمتاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے کے دوران چین کے بیشترعلاقوں میں طوفانی بارشیں ہوئی ہیں۔ ملک کے جنوبی حصے میں آنے والے سیلاب سے تقریباً دو لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ وسطی چین میں بھی بارشوں کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں