یورپی یونین سے علیحدگی کے عوامی فیصلے کے بعد ڈیوڈ کیمرون کا مستعفی ہونے کا اعلان

ملک کو نئے وزیراعظم کی ضرورت ہے اور اکتوبر میں برطانوی قوم کو اب نیا لیڈر منتخب کرنا ہے، ڈیوڈ کیمرون


ویب ڈیسک June 24, 2016
ملک کو نئے وزیراعظم کی ضرورت ہے اور اکتوبر میں برطانوی قوم کو اب نیا لیڈر منتخب کرنا ہے، ڈیوڈ کیمرون. فوٹو: ڈیلی میل

PESHAWAR: برطانوی عوام کی جانب سے یورپی یونین سے انخلا کے حق میں ووٹ کے بعد برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

برطانیہ میں ہونے والے یورپی یونین سے علیحدگی کے ریفرنڈم کے نتائج سامنے آنے کے بعد وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے عوام کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، ملک کا 6 سال تک وزیراعظم رہنے پر فخر ہے، ملک کو نئے وزیراعظم کی ضرورت ہے اور اکتوبر میں برطانوی قوم کو اب نیا لیڈر منتخب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کے روز کابینہ کی میٹنگ ہوگی جس میں یورپی یونین سے علیحدگی کے عوامی فیصلے پر مشاورت ہوگی جس کے بعد یورپی یونین کے عہدیداروں سے ملاقات میں انہیں برطانوی عوام کے فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔

یورپی یونین کے علیحدگی کے عوامی فیصلے پر بات کرتے ہوئے ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کی شکل میں سامنے آنے والے عوامی فیصلے سے معروضی حالات تبدیل نہیں ہوں گے تاہم برطانیہ کی معیشت مضبوط ہے اور نئی قیادت کو معیشت کی مضبوطی کے لئے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔

واضح رہے کہ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون برطانیہ کا یورپی یونین میں رہنے کے حق میں تھے تاہم عوام کی جانب سے یورپی یونین سے علیحدگی کے فیصلے کے بعد ان پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کے لئے خاصہ دباؤ تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔