پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دیں صدر ممنون حسین

پاکستان کسی بھی دوسرے ملک سے بہتر سمجھتا ہے کہ دہشت گردی ترقی اور خوشحالی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، صدرمملکت


ویب ڈیسک June 24, 2016
پاکستان کسی بھی دوسرے ملک سے بہتر سمجھتا ہے کہ دہشت گردی ترقی اور خوشحالی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، صدرمملکت، فوٹو؛ پی آئی ڈی

صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب میں تمام دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جارہی ہیں جب کہ کسی بھی ملک نے دہشت گردی اور انتہا پسند قوتوں کے خلاف اتنی قربانیاں نہیں دیں جتنی ہم نے دی ہیں۔

تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس سے اردو میں خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا دہشت گردی کے خاتمے اور سرحدی سیکیورٹی میں اضافے کا پاکستان کا عزم شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد سے مطابقت رکھتا ہے جب کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی مکمل رکنیت کے حصول سے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف بہتراور موثر پلیٹ فارم مل گیا ہے۔

صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی دوسرے ملک سے بہتر سمجھتا ہے کہ دہشت گردی ترقی اور خوشحالی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے کیونکہ کسی بھی اور ملک نے دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کی قوتوں کے خلاف اتنی قربانیاں نہیں دیں جتنی ہم نے دی ہیں۔ انہوں نے کہا آپریشن ضرب عضب میں تمام دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جارہی ہیں جس میں ہم نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے جب کہ آپریشن میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے اور ان کا مرکز ڈھانچہ تباہ کردیا گیا۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ علاقائی امن و سلامتی کی منزل اقتصادی رابطوں میں مضمر ہے اور پاکستان خطے اور خطے سے باہر تجارت اور توانائی کے رابطوں کے لیے کئی روٹس فراہم کرتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔