عمران خان وزیراعظم کے بیرون ملک اثاثے ثابت کردیں تو ہم وہ شوکت خانم کو عطیہ کردیں گے پرویز رشید

فوج اپنا آئینی کردار اداکررہی ہے اور ریاستی ادارے کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے، وفاقی وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک June 24, 2016
فوج اپنا آئینی کردار اداکررہی ہے اور ریاستی ادارے کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے، وفاقی وزیر اطلاعات، فوٹو؛ فائل

RIO DE JANEIRO: وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان نے وزیراعظم پر بیرون ملک اثاثے رکھنے کا الزام لگایا اگر وہ یہ اثاثے ثابت کردیں تو ہم انہیں شوکت خانم اسپتال کو عطیہ کردیں گے۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہاکہ وزیراعظم نے انتخابات کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں جو اثاثے ظاہر کیے اس کے علاوہ ان کے پاس کوئی خفیہ اثاثے نہیں جب کہ عمران خان نے ان پر بیرون ملک اثاثے رکھنے کا الزام لگایا ہے اور اب نہیں یہ الزام الیکشن کمیشن میں ثابت بھی کرنا پڑے گا، اگر عمران خان یہ ثابت کرنے میں کامیاب ہوگئے تو ہم وہ اثاثے شوکت خانم اسپتال کو عطیہ کردیں گے۔

پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان جس الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے تھے اب اسی میں اپیل بھی دائر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس پر ضابطہ کار نہیں بلکہ سیاست کا معاملہ ہے، تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی جانتے ہیں کہ وہ اپنی کارکردگی پر آئندہ انتخابات میں ووٹ حاصل نہیں کرسکتے اس لیے منفی سیاست کررہے ہیں جب کہ اگر پیپلزپارٹی تحریک انصاف کی بی ٹیم بن کر دھرنوں میں شرکت کرے گی تو یہ بدقسمتی ہوگی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اور دہشت گرد بھاگ رہے ہیں جب کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال خاصی بہتر ہوئی ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ فوج اپنا آئینی کردار اداکررہی ہے، ریاستی ادارے کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے تاکہ ترقی اور خود انحصاری کے مقصد کو حاصل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں اور ان کی وطن واپسی کا فیصلہ ڈاکٹر کریں گے تاہم وہ رمضان کے آخر تک وطن واپس آجائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔