پاپ موسیقی کے بادشاہ مائیکل جیکسن کومداحوں سے بچھڑے 7 برس بیت گئے

مائیکل جیکسن کے اعزازات میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں کئی حوالوں سے نام درج ہونااور 13 مرتبہ گریمی ایوارڈز شامل ہیں


ویب ڈیسک June 25, 2016
مائیکل جیکسن کے اعزازات میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں کئی حوالوں سے نام درج ہونااور 13 مرتبہ گریمی ایوارڈز شامل ہیں: فوٹو:فائل

KARACHI: کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن کو دنیا سے رخصت ہوئے 7 سال بیت گئے لیکن ان کے لازوال گانے اور انداز آج بھی بےحد مقبول ہے۔

29 اگست 1958 کو امریکی ریاست انڈیانا میں پیدا ہونے والے مائیکل جیکسن نے 6 سال کی عمر میں موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا اور پھر مائیکل جیکسن نے جو گایا کمال گایا۔ مائیکل جیکسن نے 1964 میں اپنے بھائیوں کے پاپ گروپ جیکسن فائیو میں شمولیت اختیار کی تھی اور ابتدائی طور پر وہ اس گروپ میں طنبورہ اور بونگو بجاتے تھے تاہم جلد ہی وہ اس گروپ کے مرکزِ نظر بن گئے اور مرکزی گلوکار کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ 1971 میں ان کا پہلا سولو البم ''آف دی وال'' سامنے آیا، 1982ء میں ''تھرلر'' نے انھیں مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچا دیا، تھرلر سب سے زیادہ فروخت ہونے والا البم قرار دیا گیا جب کہ تھرلر کو اپنے وقتوں کا ایک میوزیکل اور مارکیٹنگ بریک تھرو سمجھا جاتا ہے۔

اپنی منفرد گائیکی اورخوبصورت انداز سے کئی دہائیوں تک دلوں پر راج کرنے والے مائیکل جیکسن کو دنیا بھر سے سراہا گیا، جنوبی ایشیا میں بھی ان کا میوزک، ڈانس اوراسٹائل بے حد مقبول ہوا اور یہاں تک کہ دنیا کی دوسری فلم انڈسٹری بالی ووڈ پر بھی اس کے گہرے اثرات ہیں اور مائیکل جیکسن کا سحر بالی ووڈ اسٹارز متھن چکروتی، جاوید جعفری، ہریتک روشن اور پربھو دیو جیسے منفرد اسٹائل کے اداکاروں کے سر چڑھ کر بولتا رہا۔

مائیکل جیکسن کے اعزازات میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں کئی حوالوں سے نام درج ہونااور 13 مرتبہ گریمی ایوارڈز شامل ہیں، مائیکل کی ایک البم کی 75 کروڑ کاپیاں فروخت ہوئیں جو بذات خود ایک ریکارڈ ہے۔ موسیقی کی دنیا میں نئے رجحانات متعارف کرانے والے مائیکل جیکسن 25 جون 2009 ء کو گولیوں کی زائد مقدار لینے کی وجہ سے دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں