جلوسوں کی گزرگاہوں پر بہترین انتظامات کیے گئے ایڈمنسٹریٹر

شہریوں نے اپنے اتحاد سے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیے، محمد حسین سید


Staff Reporter November 25, 2012
جمشید روڈ سے 9 محرم الحرام کا جلوس گزرنے سے قبل سیکیورٹی اہلکار راستوں کو جدید آلات سے چیک کررہے ہیں،سخت سیکیورٹی کے باعث شہر میں ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ فوٹو: ایکسپریس

ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید نے کہا ہے کہ یوم عاشورکے موقع پرمنعقد ہونے والی مجالس اورماتمی جلوسوںکی گزرگاہوں پربہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

جبکہ سوک سینٹر میں قائم کمانڈ اینڈکنٹرول سینٹر میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سی پی ایل سی کے نمائندے جدید ٹیکنالوجی اورکلوز سرکٹ کیمروں سے جلوسوں کو مسلسل مانیٹر کررہے ہیں، یہ ایک ایسا جدید نظام ہے جس کے ذریعے جلوس میں شامل اورارد گردکے تمام حالات و واقعات کو باریک بینی سے مانیٹر کیاجاسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ چیف آفیسر بلدیہ عظمیٰ کراچی متانت علی خان براہ راست بلدیاتی سہولتوں، ہنگامی مراکز، سٹی وارڈنز، ایمبولینس سروس، فائر بریگیڈ اور دیگر معاملات کی نگرانی کررہے ہیں جبکہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کو سہولت باہم پہنچانے کیلیے میڈیا مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ معمول کے مطابق اپنی خدمات انجام دے رہا ہے، ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا کہ 8 اور 9 محرم الحرام کے تمام ماتمی جلوس اور مجالس پر امن طریقے سے اختتام پذیر ہوچکے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے کرم سے کراچی کے تمام علاقوں سے برآمد ہونے والے یوم عاشور کے جلوس بھی انتہائی منتظم اور پر امن طریقہ سے اختتام پذیر ہونگے۔

انھوں نے کہا کہ شہر کے معمولات پر گہری نگاہ رکھی جارہی ہے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام متعلقہ محکمے 24گھنٹے اپنے فرائض منصبی ادا کررہے ہیں، انھوں نے کہا کہ ہم مختلف مکتبہ فکر کے تمام علمائے کرام، ذاکرین، منتظمین مجالس و جلوس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے رابطہ میں ہیں اور بلدیاتی سہولتوں کے حوالے سے تمام شکایات کا بروقت ازالہ کیا جارہا ہے، انھوںنے کہا کہ تمام شہری اتحاد ، اخوت، مساوات اور بھائی چارگی کی فضاء کو قائم رکھیں ، باشعور شہریوں نے اپنے اتحاد سے دہشتگردوںکے عزائم خاک میں ملادیے۔

انھوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے مرکزی ماتمی جلوس کے راستے میں پانچ ہنگامی مراکز قائم کیے ہیں جبکہ اپنے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے ،ادویات، ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حاضری کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ کسی قسم کی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز سے نمٹا جاسکے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ امام عالی مقام سید شہدا حضرت امام حسین ؓ سے تمام مسلمان عقیدت و محبت رکھتے ہیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے مجالس اور ماتمی جلوس کا اہتمام کیا جاتا ہے، امام حسینؓ کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں