پولیس نے امجد صابری کے خدمت گار سلیم چندا کو بیان لینے کے بعد چھوڑ دیا

امجد صابری کے اہل خانہ نے پولیس کی کارروائی کو ڈرامہ قرار دے دیا۔


ویب ڈیسک June 25, 2016
امجد صابری کے اہل خانہ نے سلیم چندا کو حراست میں لیے جانے پر موقف دینے سے انکار کردیا ہے. فوٹو : فائل

پولیس نے امجد صابری پر قاتلانہ حملے کے وقت ان کے ساتھ گاڑی میں موجود زندہ بچ جانے والے خدمت گار سلیم چندا کو تفتیش کے لیے حراست میں لے کر بیان ریکارڈ کرنے کے بعد چھوڑ دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق امجد صابری قتل کیس کے تفتیشی افسر امجد صابری کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے طویل پوچھ گچھ کے بعد مقتول کے خدمت گار سلیم چندا کو حراست میں لیا۔ سلیم چندا مقتول امجد صابری کا خدمت گار ہے جو واردات کے وقت امجد صابری کے ساتھ گاڑی میں سوار تھا اور واقعہ میں زندہ بچ گیا۔

دوسری جانب ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہےکہ سلیم چندا کو بیان لینے کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے جب کہ سلیم چندا نے اپنے بیان میں بتایا کہ امجد صابری کی گاڑی پر فائرنگ ہوتے ہی میرے چہرے پر شیشہ لگا اور میں فائرنگ ہوتے ہی نیچے جھک گیا، حالت بہتر ہونے پر لوگوں کی مدد سے امجد صابری کو باہر نکالا اور اسپتال منتقل کیا۔

امجد صابری کے اہل خانہ نے سلیم چندا کو حراست میں لیے جانے سے متعلق اپنا مؤقف دینے سے انکار کرتے ہوئے پولیس کی کارروائی کو ڈرامہ قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل معروف قوال امجد صابری کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔