امجد فرید صابری قتل 4 روزبعد ہی تفتیشی افسرتبدیل

امجد فرید صابری قتل کی تفتیش اب پروفیسر وحید الرحمن قتل کیس کے تحقیقاتی افسر محسن زیدی کریں گے

تفتیشی حکام نے امجد صابری کی اہلیہ کے بیان کو اہم قرار دے دیا ہے فوٹو: فائل

معروف قوال امجد فرید صابری کی ٹارگٹ کلنگ کے تحقیقاتی افسر کو 4 روز بعد ہی تبدیل کردیا گیا۔


کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں دن دیہاڑے ٹارگٹ کلرزکا نشانہ بننے والے امجد فرید صابری کے قاتلوں کی تلاش کی تحقیقات شریف آباد تھانے سے گلبرگ تھانے منتقل کردی گئی ہے، اس کے علاوہ اعلیٰ حکام نے کیس کا تفتیشی افسربھی تبدیل کردیا ہے۔ پہلے کیس کی تفتیش خورشید احمد کررہے تھے تاہم اب تفتیش محسن زیدی کو سونپ دی گئی ہے۔ محسن زیدی ایم کیوایم کے رہنما عامر خان کیس اور جامعہ کراچی کے پروفیسر وحید الرحمن قتل کیس کی تفتیش بھی کررہے ہیں۔

دوسری جانب پولیس نے شہرکے کئی علاقوں سے حراست میں لیے گئے افراد کے بیانات کی روشنی میں قتل کی کڑیاں جوڑنا شروع کردی ہیں، تفتیشی حکام نے امجد صابری کی اہلیہ کے بیان کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امجد صابری کی اہلیہ ہی بتا سکتی ہیں کہ انہیں کسی قسم کی دھمکیاں ملی تھیں یا نہیں تاہم امجد صابری کی اہلیہ ابھی بیان دینے کے قابل نہیں۔ ان کی حالت بہتر ہونے کے بعد ان کا تفصیلی بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔
Load Next Story