درجنوں قبرستان چار دیواری سے محروم جرائم پیشہ عناصر زمین پر قابض

منشیات فروشوں نے قبرستانوں کو آماجگاہ بنالیا، زمینوں پر بھی قبضہ کر رکھا ہے.

ہیروئینچی یہاں نشہ کرتے ہیں، تمام قبرستانوں کی چار دیواریاں جلد تعمیر اور قبرستانوں کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کیا جائے، شہری. فوٹو: ایکسپریس ٹریبون

شہر کے درجنوں قبرستان چار دیواری سے محروم ہیں، جرائم پیشہ عناصر نے ان قبرستانوں کومنفی سرگرمیوں کا گڑھ بنالیا ہے۔

جس کی وجہ سے اپنے پیاروںکی تدفین کیلیے آنے والوںکو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، تفصیلات کے مطابق شہر کے درجنوں قبرستانوں کی چار دیواریاں ٹوٹی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے یہ قبرستان جرائم پیشہ عناصر کی آماجگاہ بن گئے جو ان قبرستانوں کو منفی سرگرمیوں کے لیے استعمال کررہے ہیں، جرائم پیشہ عناصر نے چار دیواری نہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان قبرستانوں کی زمینوں پر قبضہ کرکے تجاوزات بھی قائم کر لی ہیں۔


ان قبرستانوں میں ریڑھی گوٹھ قبرستان کورنگی، شیرشاہ قبرستان، میوہ شاہ قبرستان، کورنگی 6 قبرستان، شیرپائو لانڈھی، مواچھ گوٹھ قبرستان، جمعہ گوٹھ قبرستان، مشرف کالونی قبرستان، پہلوان گوٹھ قبرستان، ماڈل کالونی قبرستان، پاپوشنگر قبرستان، مہاجر کیمپ بلدیہ قبرستان، جہانگیرآباد قبرستان، الیاس گوٹھ قبرستان لیاقت آباد، معصوم شاہ ریلوے کوارٹر قبرستان، بلال کالونی قبرستان کورنگی، بنگالی پاڑہ قبرستان کورنگی، زمان ٹائون قبرستان کورنگی و دیگر قبرستان شامل ہیں ۔

شہریوں نے شکایت کی ہے کہ شہر کے قبرستانوں کی چار دیواریاں نہ ہونے کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر قبرستانوں میں پناہ لیتے ہیں، نشہ کرتے ہیں،شہر کے متعدد قبرستانوں کو جرائم پیشہ عناصر نے اپنی منفی سرگرمیوں کا گڑھ بنالیا ہے، انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر کے تمام قبرستانوں کی چار دیواریاں جلد تعمیر کی جائیں اور قبرستانوں کو جرائم پیش عناصر سے پاک کیا جائے، قبرستانوں کی زمینوں کو لینڈ مافیا سے واگزار کرایا جائے۔
Load Next Story