کیریبیئن لیگ کی نگاہیں بھی بھارتی مارکیٹ پر مرکوز

شاہ رخ کی ٹرائنباگو نائٹ رائیڈرز کے ذریعے ایشیائی شائقین کی توجہ حاصل کی جائیگی


AFP June 27, 2016
سی پی ایل کا شیڈول بھی ویسٹ انڈیز کی بھارت سے چار ٹیسٹ میچز پر مشتمل ہوم سیریز سے بھی متصادم ہے فوٹو : فائل

کیریبیئن پریمیئر لیگ نے بھی اپنی نگاہیں بھارتی مارکیٹ پر گاڑلیں، بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کی ٹرائنباگو نائٹ رائیڈرز کے توسط سے جنوبی ایشیائی شائقین کی توجہ حاصل کی جائے گی، میچز کے اوقات بھی اسی مناسبت سے رکھے گئے ہیں، پہلی مرتبہ 6 لیگ میچز امریکا میں بھی منعقد ہوں گے، بدھ سے شروع ہونے والے ایونٹ کا کچھ حصہ ویسٹ انڈیز اور بھارت کی ٹیسٹ سیریز سے بھی متصادم رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق کیریبیئن پریمیئر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز بدھ سے ہورہا ہے، افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور سینٹ لوشیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو ریڈ اسٹیل کے نام سے ایونٹ میں شریک فرنچائز اس مرتبہ ٹرائنباگو نائٹ رائیڈرز کے نام سے ایونٹ میں شریک ہورہی ہے، اس کے اکثریتی شیئرز انڈین پریمیئر لیگ فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک اور بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے پاس ہیں، ان کے توسط سے سی پی ایل منتظمین بھارتی مارکیٹ تک پہنچناچاہتے ہیں۔

ٹرائنباگو نائٹ رائیڈرز کے چار ہوم میچز کی ٹائمنگ ایسی ہے کہ بھارتی شائقین صبح کے وقت ٹی وی پر ان سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ اس ٹیم میں پاکستان کے عمر اکمل بھی شامل ہیں۔ سی پی ایل اس مرتبہ ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے اپنے 6 میچز امریکا میں منعقد کررہی ہے، یہ مقابلے لاؤڈرہل، فلوریڈا کے سینٹرل بروورڈ ریجنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے، یہ وہی وینیو ہے جہاں پر ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور سری لنکا ٹوئنٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں مگر پہلی مرتبہ سی پی ایل اپنے میچز امریکا میں منعقد کررہی ہے۔

اس بار سی پی ایل کا شیڈول بھی ویسٹ انڈیز کی بھارت سے چار ٹیسٹ میچز پر مشتمل ہوم سیریز سے بھی متصادم ہے جوکہ جولائی اور اگست میں کھیلی جائے گی، اس طرح کچھ میچز کے دوران کیریبیئن شائقین کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ روایتی فارمیٹ کو ترجیح دیتے ہیں یا پھر سی پی ایل کے میچز سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں