کوئٹہ میں موسلادھاربارش کے بعد نشیبی علاقے زیرآب نظام زندگی درہم برہم

موسلا دھار بارش اور کئی علاقوں میں ژالہ باری کے بعد سڑکیں نہرکا منظر پیش کرنے لگیں۔

موسلا دھار بارش اور کئی علاقوں میں ژالہ باری کے بعد سڑکیں نہرکا منظر پیش کرنے لگیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ISLAMABAD:
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں شدید بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا جب کہ بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکیں نہر کا منظر پیش کرنے لگیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش اور کئی علاقوں میں ژالہ باری ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ موسلا دھار بارش کے بعد شہرکی سڑکیں نہر کا منظر پیش کرنے لگیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ سول اسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال میں بارش کا پانی وارڈز میں داخل ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

شدید بارش کے دوران دیواریں اور چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ شدید بارش کے باعث شہر کے تقریباً 15 فیڈر ٹرپ کرگئے۔ صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے بارش کے بعد شہر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے مختلف سڑکوں کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو نقصانات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔




دوسری جانب کراچی سمیت صوبہ سندھ کے متعدد اضلاع کے باسی شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے سخت پریشان ہیں اور رحمت الٰہی کے منتظر ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوا منقطع ہونے کی وجہ سے آج بھی شدید حبس ہے جبکہ آج شام بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔ کراچی ، میرپور، سکھر، شہید بے نظیر آباد اور حیدرآباد میں آج شام یا رات بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر شہروں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، ملتان ، ڈیرہ غازی خان، خیبرپختون خوا میں ہزارہ ڈویژن، مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل ہورہی ہیں جو ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سبب بنیں گی اور کل سے مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا، کراچی اور حیدرآباد میں دو روز سے جاری حبس اور شدید گرمی مون سون کے داخل ہونے کی علامت ہے جبکہ جولائی کے پہلے ہفتے میں کراچی میں تیز بارشیں ہوں گی۔

Load Next Story