تھر کے ٹھاکر لچھمن سنگھ کا بھارت میں انتقال

1970میںخاندان کے ہمراہ بھارت چلے گئے تھے

حال ہی میں تھر کے ایک اوررکن اسمبلی رام سنگھ بھی راجستھان منتقل ہوئے۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
سندھ کے صحرائی علاقے تھر کی نامور شخصیت اور پاکستان کے سابق رکن اسمبلی ٹھاکر لچھمن سنگھ سوڈھاانتقال کر گئے۔

ان کی عمر82سال تھی۔لچھمن سنگھ چھاچھرو کے رہائشی تھے،1970 وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ بھارتی ریاست راجستھان چلے گئے تھے۔بعض حلقے بتاتے ہیںکہ پاکستان کی ایجنسیوں کی جانب سے انھیں ہراساںکیا جاتاتھا۔ لچھمن سنگھ فیلڈ مارشل جنرل ایوب خان کے دور حکومت میں مغربی پاکستان میں قانون ساز اسمبلی کے رکن تھے۔ اس سے پہلے ان کے والد لال جی1953 میں سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے جبکہ1936سے ان کے دادا اکھجی سوڈھو رکن اسمبلی منتخب ہوتے رہے تھے۔لچھمن سنگھ نے راجستھان کے شہر باڑ میر کے قریب چھوٹن میں رہائش اختیار کی تھی جو پاکستان کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ بھارتی شہریت ملنے کے بعد وہ وہاں کی پنچایت کے سربراہ بھی منتخب ہوئے۔1971کی پاکستان بھارت جنگ میں بھارتی فوج نے چھاچھرو سمیت تھر کا ایک بڑا علاقہ اپنے کنٹرول میں لے لیا تھا۔


پاکستان کی حکومت نے اس وقت الزام عائد کیا تھا کہ لچھمن سنگھ نے بھارتی فورسز کی مدد کی ہے جس کے بعد انھیں جاسوس قرار دیا گیا اور ان کے سر پر دو لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا۔بھارتی فوج کے ساتھ لچھمن سنگھ کاروپ زیادہ غصیلا،جذباتی اورانتقام پسندتھا۔پاکستان کے نامور کمیونسٹ رہنما کامریڈ جام ساقی کے گاؤں جنجھی کا بھارتی رضاکار فورس نے گھیراؤ کیا۔مزاحمت میں 3مقامی لوگ مارے گئے۔اس واقعے کے چشم دید گواہ ریٹائرڈ استاد محمد رحیم جنجھی بتاتے ہیں کہ اس رضاکار فورس کے سربراہ لچھمن سنگھ تھے۔لچھمن سنگھ کے بھٹو خاندان سے بھی قریبی تعلقات تھے۔

سندھ کے شہر سانگھڑ میں سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو پر جان لیوا حملہ ہوا تھا تو اس وقت لچھمن سنگھ کے بھائی کھمان سنگھ صوبیدار نے اس حملے کی کوشش کو ناکام بنایا تھا۔شملہ معاہدے کے بعد جب بھارتی فوجیں واپس گئیں تو پاکستان کے وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے سابق رکن اسمبلی اور سندھ کے معززین رانا چندر سنگھ، میر علی بخش تالپور اور پیر غلام رسول شاھ کو انڈیا بھیجا تھا تا کہ وہ سندھ سے نقل مکانی کرکے بھارت جانے والوں کو واپس لائیں مگر لچھمن سنگھ سمیت اکثریت نے واپس آنے سے انکار کردیا تھا۔تھر کے سوڈھا ٹھاکروں کے راجستھان کے ٹھاکروں سے صدیوں پرانے خاندانی مراسم ہیں۔پچھلے دنوں تھر کی ایک اور نامور شخصیت رام سنگھ سوڈھو اپنے خاندان سمیت راجستھان منتقل ہوگئے، وہ بھی موجودہ سندھ اسمبلی کے رکن ہیں، اس سے پہلے وہ صوبائی مشیر اور تھر پاکر کے نائب ناظم کے عہدے پر فائز رہے۔ٹائمز آف انڈیا نے اطلاع دی ہے ممبئی واقعے کے ملزم اجمل قصاب کو پھانسی کی خبر پر انھوں نے خوشی کا اظہار کیا تھا۔
Load Next Story