پاکستان کے معاملے میں بھارت ہمیشہ چوکنا اور محتاط رہے گا نریندر مودی

دنیا ایک آواز میں بھارت کا دہشت گردی پر مؤقف تسلیم کررہی ہے اور پاکستان کے لیے اس کا جواب دینا مشکل ہورہا ہے،مودی

بھارت کو دہشت گردی کا سامنا ہے اور یہ اس کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے،نریندرمودی فوٹو: فائل

بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ امن چاہتے ہیں لیکن ان کا ملک اس معاملے میں ہمیشہ چوکنا اور محتاط رہے گا جب کہ بھارت کو دہشت گردی کا سامنا ہے اور یہ اس کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔


نریندر مودی کا بھارتی خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ امن چاہتے ہیں لیکن ہم اپنے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے اوریہی وجہ کہ سرحدوں کی حفاظت کرنے والوں کو یہ آزادی حاصل کہ وہ کسی بھی جارحیت کا جواب دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ بات کرنے میں ایک ریڈ لائن رہتی ہے کہ آیا مذاکرات پاکستانی حکومت سے کئے جائیں یا کسی اورقوت سے۔

نریندر مودی نے کہا کہ ان کے دورہ لاہور اور وزیرِ اعظم پاکستان کو بھارت کی دعوت جیسے اقدامات سے بھارت کا دہشت گردی کے حوالے سے مؤقف دنیا کے سامنے آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا ایک آواز میں بھارت کا دہشت گردی پر مؤقف تسلیم کررہی ہے اور پاکستان کے لیے اس کا جواب دینا مشکل ہورہا ہے۔
Load Next Story