خیر پور ٹرین لیٹ ہونے پر مسافر مشتعل اسٹیشن کو آگ لگا دی 50 گرفتار

اسٹیشن ماسٹر آفس اور ٹکٹ گھر سمیت دیگر دفاتر ندرآتش، پولیس،رینجرز کی شیلنگ

انتظامیہ نے میڈیا کو کوریج سے روک دیا ، رات گئے تک مقدمہ درج نہ ہو سکا ، انجنوں کی کمی کے باعث متعدد ٹرینوں کی روانگی منسوخ .فوٹو: فائل

خیرپور ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کی تاخیر سے آمد پر مسافروں نے توڑ پھوڑ شروع کر دی اور ہنگامہ آرائی کی ، جلائو گھیرائو کرتے ہوئے ٹکٹ گھر سمیت متعدد دفاتر جلا دیے ۔


پولیس اور رینجرز کا مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ،50سے زائد مسافر گرفتار کر لیے ۔ خیرپور ریلوے اسٹیشن پر ٹرین لیٹ ہونے پر مسافر مشتعل ہو گئے اور ریلوے اسٹیشن پر پتھرائو کر کے توڑ پھوڑ کی اور اسٹیشن ماسٹر آفس ، ٹکٹ گھر سمیت دیگر آفس ندرآتش کر دیے ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز موقع پر پہنچ گئے۔ مسافروں کو منتشر کرنے کیلیے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جبکہ 50سے زائد عزاداروں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔

انتظامیہ نے صحافیوں کو واقعے کی کوریج کرنے سے روک دیا اور ان سے بدتمیزی بھی کی۔ ریلوے حکام کے مطابق مشتعل افراد ٹکٹ گھر سے 60 ہزار سے زائد نقدی لے گئے اور ٹکٹوں کو آگ لگانے کے ساتھ پرانا ریکارڈ بھی نذر آتش کر دیا ۔ ریلوے حکام نے واقعے کے بعد مختلف اسٹیشنوں پر مسافر ٹرینیں روک دیں جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ آخری اطلاعات آنے تک واقعے کا مقدمہ درج نہ ہو سکا تھا۔ دریں اثناء ریلوے انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر کا سلسلہ ختم نہ ہو سکا ۔ کراچی ، راولپنڈی اورکوئٹہ سیکشن پرچلنے والی ریل گاڑیاں 5 گھنٹوں کی تاخیر سے منزل پر پہنچ رہی ہیں ، دوران سفر انجن فیل ہونے سے ٹرینیں کئی گھنٹوں تک ویران علاقوں میں کھڑی رہتی ہیں ۔ انجنوں کی کمی کی وجہ سے بعض سیکشنوں میں دو دو ٹرینوں کو ایک ٹرین بنا کر چلایا جا رہا ہے جبکہ برانچ لائنوں پر چلنے والی ٹرینوں کو انجنوں کی کمی کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ۔
Load Next Story