عید الفطرکی چھٹیوں کا اعلان سرکاری ملازمین ایک دن کام اور 8 دن آرام کریں گے

عید الفطر کی چھٹیاں 5 سے 8 جولائی تک ہوں گی، وفاقی وزارت داخلہ کا نوٹی فکیشن


ویب ڈیسک June 28, 2016
وفاقی سرکاری ملازمین پیر4 جولائی کو چھٹی لے کر9 چھٹیاں منائیں گے۔فوٹو:فائل

وزارت داخلہ نے عید الفطر کے موقع پر 5 سے 8 جولائی تک عام تعطیلات کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت وفاق کے ماتحت اداروں کے ملازمین 2 جولائی سے 10 جولائی کے دوران صرف ایک ہی روز کام کریں گے اور باقی 8 دن آرام کریں گے۔

وزارت داخلہ نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے منظوری کے بعد ملک بھر میں 5 جولائی بروز منگل سے 8 جولائی بروز جمعے تک عید الفطر کی چھٹیوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے لیکن سرکاری ملازمین 2 جولائی سے 10 جولائی تک صرف ایک ہی روز اپنے پیشہ وارانہ فرائض انجام دیں گے اور 8 روز آرام کریں گے کیونکہ 2 اور 3 جولائی کو سرکاری ، نیم سرکاری اور بیشتر بینکس میں ہفتہ وار تعطیلات ہوتی ہیں، پیر4 جولائی کو لوگ اپنے اپنے پیشہ وارانہ امورسرانجام دیں گے جب کہ 5 سے 8 جولائی تک عید الفطر کی تعطیلات ہوں گی اور 9 اور 10 جولائی کو ایک مرتبہ پھر ہفتہ وار تعطیلات ہوں گی۔

نوٹی فکیشن کے اجرا کے بعد سرکاری اداروں کے بیشتر ملازمین نے اپنے حکام بالا سے پیر 4 جولائی کی بھی چھٹی منظور کرالی ہے جس کے بعد اب وہ مسلسل 9 دن آرام کریں گے۔

دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے ملک کے تمام شیڈولڈ بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ 2 اور 9 جولائی کو ہفتہ وار چھٹی کے بجائے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی شاخیں کھلی رکھ کر بینکاری کے امور سر انجام دیں۔

ںواضح ر ہے کہ عید الفطر کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 5 جولائی کو لاہور میں منعقد ہوگا تاہم ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں 5 جولائی کو ہی شوال المکرم کا چاند نظر آنے کے امکانات ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں