بلاول بھٹو زرداری کی امجد صابری کے گھر آمد اہل خانہ سے تعزیت کی

امجد صابری کا قتل ہائی پروفائل کیس ہے جس کی 3 مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہے، سہیل انور سیال


ویب ڈیسک June 28, 2016
امجد صابری کا قتل ہائی پروفائل کیس ہے جس کی 3 مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہے، سہیل انور سیال، فوٹو؛ این این آئی

پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زراری مرحوم امجد صابری کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری لیاقت آباد میں معروف قوال امجد صابری کی رہائش گاہ انتہائی سخت سیکیورٹی میں پہنچے جہاں انہوں نے امجد صابری کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور انہیں یقین دلایا کہ سندھ حکومت شہید کے قاتلوں کو ضرور گرفتار کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا تعلق شہیدوں کے خاندان سے ہے اس لئے امجد صابری کے قتل پر اظہار تعزیت کرنے آیا ہوں۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے امجد صابری کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے کا چیک بھی پیش کیا۔

امجد صابری کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران صحافی نے امجد صابری کے قتل اور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے صاحبزادے کے اغوا کے بعد حکومتی ایکشن سے متعلق سوال پوچھا تو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جواب دینے کے بجائے وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال کو یہ کہہ کر آگے کردیا کہ سندھ حکومت جواب دو میں یہاں اظہار تعزیت کرنے آیا ہوں اس لئے کوئی سیاسی بات نہیں کروں گا۔

اس موقع پر وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کہا کہ امجد صابری کا قتل ہائی پروفائل کیس ہے جس کی 3 مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہے، ایک پہلو سیاسی، ایک کاروباری اور ایک فرقہ واریت ہے اور امید ہے کہ بہت جلد ملزمان کو قانون کی گرفت میں لائیں گے جس کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے دن رات کام کر رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں