جی ایس پی پلس اسٹیٹس پاکستان اقلیتوں مزدوروں اورعورتوں کے حقوق کا تحفظ کرے یورپی یونین

انسانی حقوق کی حالت ابتر، خواتین حقوق پامال،چائلڈ لیبرقانون پرعمل نہیں ہو رہا،مزدوروں کواجرت وقت پر نہیں دی جا رہی

یورپی یونین نے تحفظات پیش کردیے،اینٹی کرپشن اقدامات پر زور،اعتراضات دورکرنے کیلیے انسانی حقوق روڈ میپ تیارکرینگے، وزارت تجارت فوٹو: فائل

یورپی یونین نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے بدلے پاکستان 27عالمی معاہدوں پر عملدرآمد کے وعدوں کو وفا کرے اور ملک میں انسانی حقوق، اقلیتوں، مزدوروں اورعورتوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کیا جائے۔


وزارت تجارت کے مطابق یورپی یونین نے پاکستان کی طرف سے اقوام متحدہ کے 27کنونشن پر عملدرآمد نہ ہونے کی لسٹ پاکستان کے حوالے کر دی ہے اور پاکستان کوپھر کہا گیا کہ ملک میں انسانی حقوق کی حالت ابتر ہے، خواتین کے حقوق پامال اور چائیلڈ لیبر قانون پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، مزدوروں کو اجرت قانون کے تحت اور وقت پر نہیں دی جا رہی، اینٹی کرپشن اور اینٹی نارکوٹکس کیلیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، یورپی یونین نے اقلیتی حقوق کی پامالی پربھی تحفظات کا اظہار کیااور انسانی حقوق، لیبر لاز پر عملدرآمد، اقلیتوں کے تحفظ اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلیے مانیٹرنگ کا موثر نظام متعارف کرانے کا کہاتاکہ 27 کنونشن پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزارت تجارت کے حکام کے مطابق یورپی یونین کے تحفظات کے بعد ملک میں انسانی حقوق کا روڈ میپ تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاق' صوبائی حکومتوں کے تعاون سے آئین میں انسانی حقوق سے متعلق درج تمام اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گا، وزارت تجارت اور وزارت انسانی حقوق اس سلسلے میں تربیتی، آگہی اور تکنیکی پروگراموں شروع کریں گے۔
Load Next Story