ہاکی رینکنگ میں بھارت پانچویں پوزیشن پر براجمان

آسٹریلیاکا پہلا نمبر برقرار، پاکستانی ٹیم بدستور ٹاپ 10کی آخری شریک بنی رہی


Sports Reporter June 29, 2016
آسٹریلیاکا پہلا نمبر برقرار، پاکستانی ٹیم بدستور ٹاپ 10کی آخری شریک بنی رہی. فوٹو:فائل

ایف آئی ایچ کی عالمی رینکنگ میں آسٹریلیا کی حکمرانی برقرار رہی، روایتی حریف بھارت بھی 2 درجے بہتری کے بعد پانچویں نمبر پر آ گیا، چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے انکارکے بعد گرین شرٹس کی درجہ بندی میں کوئی بہتری نہیں آ سکی اور وہ بدستور دسویں نمبر پر ہے۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جاری کردہ نئی رینکنگ میں بھارتی ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی سمیت انٹرنیشنل ایونٹس میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر دنیا کی ٹاپ 5ٹیموں میں آگئی، پاکستانی ٹیم ابتدائی 10 ٹیموں میں آخری نمبر پر ہے، ایف آئی ایچ کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں چیمپئنز ٹرافی 2016 کی فاتح آسٹریلوی ٹیم 2179 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے، ہالینڈ1838 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اورجرمنی1701 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، انگلینڈ کی1550 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی اور بھارتی ٹیم 1543پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے، یاد رہے کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں رنر اپ رہی تھی، 2 درجے بہتری کے ساتھ پانچویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب رہی، بیلجیئم اور ارجنٹائن کی ٹیمیں ایک، ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے اور ساتویں نمبر پر چلی گئیں اور ان ٹیموں کے بالترتیب 1475 اور1436 پوائنٹس ہیں۔

نیوزی لینڈ1308 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں، کوریا1200 نویں اور پاکستان 1073 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر موجود ہے۔ دوسری جانب ویمنز ٹیم رینکنگ میں چیمپئنز ٹرافی کی رنر اپ ہالینڈ کی ٹیم پہلے نمبر پر موجود ہے، فاتح ارجنٹائن کی ٹیم دوسرے، آسٹریلیا تیسرے اور نیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر موجود ہیں، امریکا2 درجے ترقی پا کر پانچویں نمبر پر پہنچ گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں