ملک بھر میں یوم عاشور نہایت عقیدت و احترام سے منایاگیا

کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا اور حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پزیر ہوا۔

یوم عاشور کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ فوٹو: ٹریبیون /محمد جاوید

ملک بھر میں یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس سلسلےمیں ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں سے ماتمی جلوس برآمد ہوئے ۔

کربلا کے میدان میں حق کے لئے باطل کے سامنے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے نواسہ رسول حضرت حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ سمیت دیگر شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں ماتمی جلوس اور مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں عزا دار سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرکے شہدائے کربلا کی یاد میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ جلوس کے راستوں میں پانی، شربت اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں جبکہ سیکورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔

کراچی میں یوم عاشور کی مرکزی مجلس نشترپارک میں منعقد ہوئی جس میں مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے شہدائے کربلا کے افکار اور انہیں درپیش مصائب بیان کئے ۔ جس کے بعدنشترپارک سے علم وذوالجناح کامرکزی جلوس بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں روانہ ہوا۔ جلوس کے شرکا اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے تبت سینٹر پہنچے جہاں انہوں نے نماز ظہرین ادا کی۔ جس کے بعد جلوس ایک بار پھر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پزیر ہوا۔ جلوس کے تمام رستوں پر مختلف تنظیموں کی جانب سے پانی و شربت کی سبیلیں اوراستقبالیہ و طبی امدادی کیمپ لگائے گئے تھے۔ اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، جلوس کی گزر گاہوں پر پولیس اور رینجرز تعینات رہی۔ جبکہ اونچی عمارات پر سیکورٹی اہلکاروں نے پوزیشن سنبھال رکھی تھیں۔ اس کے علاوہ شہر کے حساس مقامات کی فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی ۔


لاہور میں نثار حویلی سے بر آمد ہونے والاشبیہ ذوالجناح کامرکزی ماتمی جلوس سو سے زائد امام بارگاہوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ میں اختتام پزیر ہوگیا۔ اسلام آباد میں قصر امام موسیٰ سے برآمد ہونا والا ماتمی جلوس بھی اپنی منزل پر اختتام پزیر ہوا۔ راولپنڈی میں امام بارگاہ عاشق علی اور امام بارگاہ کرنل مقبول سےمرکزی جلوس برآمد ہوئے جو مقررہ راستے سے ہوتے ہوئے امام بارگاہ قدیمی پر ختم ہوئے۔ کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سےہوتا ہوا اپنی منزل پر ختم ہوگیا ۔ جلوس کے راستے خاردار تاریں اور رکاوٹیں رکھ کر سیل کردیئے گئے تھے۔ پشاور میں بھی یوم عاشور عانتہائی قیدت واحترام سے منایا گیا۔ اس سللے میں پہلاماتمی جلوس امام بارگاہ آغا مصطفیٰ شاہ پہنچ کر ختم ہوگیا۔ شہرمیں چھوٹی بڑی امام بارگاہوں سے بھی ماتمی جلوس نکالے گئے۔

حیدر آباد ، خیر پور، نوابشاہ، سکھر، میر پور خاص سمیت اندرون سندھ کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں سے یوم عاشور کے جلوس برآمد ہوئے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پزیر ہوگئے ۔ اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔ جنوبی پنجاب میں یوم عاشور کے سینکڑوں جلوس مقررہ راستوں سے گزرکراپنی اپنی منزلوں کی جانب رواں دواں ہیں، اس دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ملتان شہر کے مرکزی جلوسوں ميں کچہری روڈ امام بارگاہ لعل شاہ ،امام بارگاہ جوادیہ دہلی گیٹ اور کینٹ میں لال کرتی کے جلوس شامل ہیں۔ ان سمیت دیگر سیکڑوں جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے منزل مقصود کی جانب رواں دواں پیں۔اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں سے بھی یوم عاشو کے جلوس نکالے گئے۔

گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے بھی یوم عاشور کے جلوس برآمد ہوئے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پزیر ہوگئے ،اس موقع پر ذاکرین نے حضرت حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے رفقا کی عظیم شہادت پر روشنی ڈالی۔

Recommended Stories

Load Next Story