کراچی لاہورسمیت کئی شہروں میں سی این جی اسٹیشن بند

اب مزید نقصان برادشت نہیں کرسکتے، اسٹیشنز مالکان


ویب ڈیسک November 26, 2012
گیس اسٹیشنز بند رکھنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی. چیئرمین اوگرا فوٹو: فائل

سی این جی مالکان کا سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق کم قیمت پر گیس فروحت کرنے سے انکار، کئی شہروں میں سی این جی اسٹیشن بند، چیئرمین اوگرا کا کہنا ہے کہ گیس اسٹیشنز بند رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

گیس اسٹیشن مالکان نے ایک بار پھر سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق مقرر کی گئی قیمت پر سی این جی فروخت کرنے سے انکار کردیا ہے، مالکان کا کہنا ہے کہ وہ بہت نقصان برداشت کرچکے اب مزید نقصان برادشت نہیں کرسکتے۔

چیئرمین سی این جی ایسوسی ایشن غیاث عبداللہ پراچہ کا کہنا ہے کہ عوام کوایک سازش کے تحت سستی سی این جی سے محروم کیا جارہا ہے، لاہور ریجن میں صبح 6 بجے گیس کی ہفتہ وار بندش سے پہلے گزشتہ روز شہر میں 350 میں سے صرف 50 سی این جی اسٹیشن پرگیس دستیاب تھی باقی اسٹیشنز غیراعلانیہ طور پر بند کردیے گئے تھے۔

سی این جی ایسوسی ایشن کے اعلان کے بعد کراچی میں شاہراہ فیصل ، شاہراہ پاکستان ،ایم اے جناح روڈ، ڈیفنس ،ناظم آباد اور دوسروں علاقوں میں رات سے ہی بیشترسی این جی اسٹیشنز بند کردیئے گئے تھے تاہم اسلام آباد اور راولپنڈی میں چند اسٹیشنز پر سی این جی دستیاب ہے، سی این جی اسٹیشن بند ہونے کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ متاثر ہوئی ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب چیئرمین اوگرا کا کہنا ہے کہ سی این جی ایسوسی ایشن کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہونگے جو اسٹیشنز بند ہیں ان کے خلاف اوگرا قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے انہیں مکمل طور پر بند کردیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد سی این جی کی نئی قیمتوں کا فیصلہ کرلیا جائے گا جو سب کے لئےقابلِ قبول ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں