سلمان خان کا ’’زیادتی سے متاثرہ عورت ‘‘ سے متعلق بیان پر معافی مانگنے سے انکار

خواتین کی بہت عزت اور احترام کرتا ہوں جب کہ میرے بیان کو غلط انداز میں لیاگیا، بالی ووڈ اسٹار کا خط میں جواب

خواتین کی بہت عزت اور احترام کرتا ہوں جب کہ میرے بیان کو غلط انداز میں لیاگیا، بالی ووڈ اسٹار فوٹو:فائل

بالی ووڈ کے دبنگ خان نے نیشنل کمیشن آف ویمن کے نوٹس کے جواب میں ''زیادتی سے متاثرہ عورت'' سے متعلق بیان پر معافی مانگنے سے انکار کردیا ہے۔

سلمان خان اور تنازعات کا آپس گہرا تعلق ہے یہی وجہ ہے کہ سلو میاں آئے روز نئے تنازعات کے باعث موضوع بحث بنے ہوتے ہیں جب کہ گزشتہ دنوں ان کے ''زیادتی سے متاثرہ عورت'' سے متعلق بیان کے بعد بھارت میں طوفان برپا ہوگیا جس پر کئی سماجی تنظیموں کی جانب سے دبنگ خان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا لیکن وہ اپنے بیان پر معافی مانگنے کے لیے قطعی طور پر آمادہ نہیں۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں خواتین کے حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیم نیشنل کمیشن آف ویمن نے سلمان خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 روز میں معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد سلو میاں نے ان کے نوٹس کے جواب میں اپنے بیان پر معافی مانگنے سے انکار کردیا جب کہ سلو میاں کا 3 صفحات پر مشتمل جواب میں کہنا تھا کہ ان کے دل میں خواتین کے لیے بہت عزت اور احترام ہے اور میرے بیان کو غلط انداز میں لیا گیا ۔

سلو میاں کے جانب سے لکھے گئے جواب میں کہیں بھی اپنے بیان پر معافی نہیں مانگی جس کے بعد ویمن کمیشن کی جانب سے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا امکان ہے جب کہ گزشتہ دنوں بھی بھارتی ریاست ہریانہ میں زیادتی سے متاثرہ لڑکی نے سلمان خان پر 10 کروڑ ہرجانے کا دعوی دائر کرتے ہوئے اپنے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ سلمان خان سے جب ایک انٹرویو کے دوران پوچھا گیا کہ ''سلطان'' میں ان کا پہلوانوں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ کیسا رہا تو اس پر ان کا کہنا تھا کہ فلم میں کام کے دوران ان کی حالت زیادتی کا شکارعورت جیسی ہوگئی تھی کیونکہ فلم کے دوران 10 سے زائد پہلوان انہیں مختلف زاویوں سے اٹھا اٹھا کرپٹخ دیتے تھے اورہرپہلوان کا وزن 100 کلو سے زائد تھا۔
Load Next Story